کمالیہ: مسلم قبرستان میں قادیانی خاتون کی تدفین روکنے والوں پر فائرنگ، 8 نوجوان زخمی 

Sep 08, 2024

کمالیہ (نمائندہ نوائے وقت) کمالیہ کے نواحی علاقہ میں قادیانیوں کے مسلم قبرستان میں میت دفنانے کی کوشش  پر کشیدگی ہو گئی۔ مزاحمت پر ڈنڈوں سوٹوں سے حملہ، ہوائی فائرنگ، 8 افراد زخمی ہو گئے۔ مذہبی جماعتیں سراپا احتجاج  ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کمالیہ کے نواحی گائوں خاں دا چک میں گذشتہ روز قادیانی خاتون کو دفنانے لگے تو علاقہ مکینوں اور مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے ان کو روکا جس پر مشتعل ہجوم نے مبینہ طور پر ڈنڈوں سوٹوں سے حملہ کر دیا اور ہوائی فائرنگ شروع کر دی، جس سے مسلمانوں کے 8 نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ اطلاع پر سینکڑوں افراد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔ دوسری جانب اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹوبہ اے ایس پی سرکل بھاری نفری کے ہمراہ پہنچ گئے اور حالات پر قابو پا لیا۔ مذہبی جماعتوں کے اکابرین، علمائے کرام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ واقعہ پولیس کی غفلت کے سبب پیش آیا، اطلاع  کے باوجود پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی نہ کی گئی۔ انہوں نے ایس ایچ او تھانہ صدر کی فوری معطلی اور واقعہ کی شفاف انکوائری کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں