ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم دفاع کی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے اور یہاں عوام کا جوش دیدنی ہوتا ہے کیونکہ کراچی بانی پاکستان قائد اعظم محمد کی جناح کی آخری آرام گاہ بھی ہے۔ اسی مناسبت سے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب سے دن کا آغاز کیا جاتا ہے۔ اس دن کا آغاز ایک خوشگوار موسم کے ساتھ ہوا، ابرآلود آسمان نے شرکا اور پاک فوج کے جوانوں کو وہ سایہ فراہم کیا جیسے قدرت بھی پاکستان کے یوم دفاع پر مسرت کا اظہار کر رہی ہو۔
کراچی میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب مزار قائد پر پاکستان ایئر فورس اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے، کیڈٹس نے گارڈ کے فرائض سنبھالنے سے شروع ہوئی۔ مزارقائد پرگارڈز کے فرائض سنبھالنے والے پاک فضائیہ کے دستے میں 74کیڈٹس پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کیلئے تعینات ہوئے ،دستے میں 61 مرداور13خواتین کیڈٹس شامل ہیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل شہریار خان نے دشمنوں کو دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔پاک فضائیہ کے دستوں نے دشمن کو ایک انچ بھی آگے نہ بڑھنے دیا، پاک فضائیہ 1965ء کے دوران قوم کی امیدوں پر پوری اتری،انہوں نے قوم کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
مزار پر کور کمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل بابر افتخاراور ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اطہر وقاص نے بھی بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی تحریر کیے۔بعدازاں مزار قائد پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری،سیاسی رہنماؤں، اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سمیت عوام کی بڑی تعداد دن بھر حاضری دیتی رہیں۔ حکومت سندھ کی جانب سے جاری یوم دفاع کے پیغام میں مسلح افواج اور شہداء کی جرات، بہادری اور بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ 6ستمبر ہمارے قومی اتحاد کا دن ہے، قوم کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کے لئے یکجہتی کے ساتھ اکٹھا ہونا چاہیے۔
یوم دفاع کے حوالے سے دوسری اہم تقریب ساحل سمندر پر قائم یادگار شہدا "نشان پاکستان" میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کی جانب سے انعقاد کیا گیا جس میں ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے مہمان خصوصی تھے۔ جس میں رہائشیوں، فنکاروں، معززین اور طلبہ و طالبات کے علاوہ شہداء کے لواحقین نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد نے دن بھر مزار قائد ، سی ویو پر قائم نشان پاکستان سمیت پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے میوزیمز پر اہل خانہ خاص طور پر بچوں کو لے جاکر انہیں پاک فوج کی عظیم قربانی اورحب الوطنی کا جذبہ بیدار کرنے کیلئے شہدا کے واقعات اور اباو اجداد کی قربانیوں کی یادگاروں پر حاضری دی جس سے نئی نسل میں بھی پاکستان سے محبت کا جذبہ جوش مارتا ہوا نظر آیا۔
اسی طرح سپر ہائی وے پر موجود ڈی ایچ اے سٹی کراچی میں بھی یوم دفاع کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب میں شہداء اور مادر وطن کے محافظوں کے خاندانوں کو نئے سیکٹرز میں پلاٹس الاٹ کیے گئے۔ یہ اقدام ڈی ایچ اے سٹی کی جانب سے ان بہادر افراد کی جرائت و شجاعت اور قربانی کو تسلیم کرنے کے عزم کا عکاسی کرتا ہے۔