اسلام آباد ( نامہ نگار)مادر وطن ہماری آن ' حشمت ' تکریم اور عزت وجان کی نشانی ہے ۔ پاکستانی قوم اپنے ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنا جانتی ہے۔ عہد کرتے ہیں کہ ہم ترقی ' خوشحالی اور قومی تعمیر میں شبانہ روز مصروف رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ممتازسماج دوست شخصیات چیئرمین امن کمیٹی و پنشنر ویلفیئر ایسوسی ایشن حماد الرحمن لودھی ،نائب صدر ایس ای ایس ٹیچر ایسوسی ایشن ثاقب حسن لودھی اور نوجوان قانون دان عاطف لودھی نے یوم دفاع کے مناسبت سے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 59 برس قبل بھارت نے جارجیت کی اور اپنے ناپاک قدم پاک سرزمین کی طرف بڑھائے۔ 6 ستمبر 1965 کو قوم نے پاک فوج کے ساتھ مل کر دشمن کو جواب میں ایسا زخم دیا جو آج بھی تازہ ہے۔ حماد الرحمن لودھی نے نوجوان نسل سے کہا کہ وہ پڑھ لکھ کر قائداعظم کے پاکستان کو دفاعی' نظریاتی اور تعلیمی سطح پر بے مثل وبے مثال بنائے۔ ثاقب حسن لودھی اور عاطف لودھی نے کہا کہ 6 ستمبر1965 دراصل تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کا ہی تسلسل ہے۔