وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ جلسہ جلوس سے بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نہیں آئیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کی بدقسمتی ہے کہ اسے بانی پی ٹی آئی جیسے حکمران مل گئے، کے پی کے لوگوں کے مقدر میں شاید جلسہ جلوس لکھ دیا گیا ہے، آج پھر یہ لوگ اسلام آباد میں تماشا کرنے جا رہے ہیں لیکن جلسہ جلوس سے بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نہیں آئیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کی حکومت پر تنقید کے حوالے سے سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان ہمارے بڑے ہیں، ان کی بات پر رد عمل نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا ڈی جی خان کے حالات بہت زیادہ بہتر نہیں ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈی جی خان کا دورہ کرکے نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا، بہت سارے لوگوں کو نیوٹریشن پروگرام پر بھی اعتراض ہے، اپنا گھر اپنی چھت پروگرام بھی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے شہریوں کے لیے ہے۔
جلسے جلوس سے بانی پی ٹی آئی جیل سے باہر نہیں آئیں گے: وزیر اطلاعات پنجاب
Sep 08, 2024 | 13:35