اورکزئی میں شیلنگ سے 8شدت پسند، وادی تیراہ میں 2رضاکار جاں بحق

Apr 09, 2013

اورکزئی + خیبر ایجنسی (آن لائن) اورکزئی ایجنسی میں فورسز کے ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے آٹھ شدت پسند جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اورکزئی ایجنسی کے لوئر تحصیل کے دور افتادہ اور خیبر ایجنسی سے منسلکہ علاقہ گوراک کے مقام پر شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر سکیورٹی فورسز کے گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شیلنگ کی جس میں آٹھ شدت پسند جاں بحق‘ پانچ زخمی ہوئے جبکہ ایک ٹھکانے میں موجود بارود سے لیس ایک گاڑی کو بھی تباہ کیا گیا۔ جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔ اب تک تین ہزار سے زائد لوگ علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں عسکریت پسندوں اور امن لشکر کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ دونوں اطراف سے فائرنگ کے نتیجے میں امن لشکر کے دو رضاکار جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ سے تین عسکریت بھی زخمی ہو گئے۔بی بی سی کے مطابق پاکستان کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں جاںبحق ہونے والوں کی تعداد 127 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق جمعہ سے شروع ہونے والے آپریشن میں جاںبحق ہونے والوں میں سو کے قریب شدت پسند اور تیس فوجی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کا کہنا ہے کہ ان جھڑپوں کے نتیجے میں تیراہ سے 40 ہزار سے زیادہ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

مزیدخبریں