لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مبینہ میچ فکسنگ سیکنڈل میں ملوث پاکستانی امپائرز ندیم غوری اور انیس صدیقی کا کیس پی سی بی انٹیگریٹی کمیٹی کے سپرد کر دیا ہے۔ انٹگیریٹی کے ارکان نے دونوں امپائرز کو رواں ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ آئندہ چند روز میں چیئرمین پی سی بی چوہدری ذکاءاشرف کی اجازت سے پی سی بی انٹیگریٹی کمیٹی رواں ہفتے دونوں امپائرز کو طلب کر کے تمام واقعات کی ویڈیو فلم دیکھنے اور بیانات قلم بند کرنے کے لئے چیئرمین پی سی بی کو اپنی سفارشات بھجوائے گی۔ گذشتہ سال بھارت نے پاکستان سری لنکا اور بنگلہ دیش کے امپائرز کو سٹرنگ آپریشن کے ذریعے لالچ دیا تھا کہ وہ آئی پی ایل کے اگلے ایڈیشن میں کھیلے جانے والے میچز کے دوران مبینہ فکسنگ میں ان کا ساتھ دینگے۔ بھارت کی جانب سے کئے جانے والے سٹرنگ آپریشن میں ملوث پائے جانے والے پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز نے امپائرز کو قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں میں فرائض کی انجام دہی سے روک کر تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔ گذشتہ دنوں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے امپائر نادر شاہ جو اس سٹرنگ آپریشن کا حصہ رہا تھا پر 10 سال کی پابندی عائد کر دی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ مصروفیات کی بنا پر قومی امپائرز کے خلاف کارروائی کا نہ آغاز کر سکا تھا اب پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹیگریٹی کمیٹی نے دونوں امپائرز کو طلب کر کے معاملے کو نمٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔