دورہ یورپ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری

Apr 09, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) دورہ یورپ کی تیاریوں کے لئے قومی جونئیر ہاکی ٹیم کا تر بیتی کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ کیمپ کے دوسرے روز صبح کے سیشن میں جونئیر کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ اور شام کے سیشن میں کھلاڑیوں کو مختلف ڈرلز کروائی گئیں۔ پنلٹی کارنر پر مختلف کمبی نیشن بھی ٹرائی کئے گئے۔ کیمپ کے آخر پر ریڈ اور گرین دو ٹیموں کے مابین پر یکٹس میچ بھی کھیلا گیا جس میںگرین ٹیم نے دو ایک سے کامیابی حاصل کر لی۔ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ دانش کلیم نے کہا ہے کہ تربیتی کیمپ ورلڈکپ کی تیاری کا پہلا مرحلہ ہے، پورپین ٹیموں کے خلاف کھیلنے سے کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل ہوگا جو میگا ایونٹ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی ہماری پہلی ترجیح ہو گی۔ کیمپ کے دوران پنلٹی کارنر، دفاع اور فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ٹیم ڈاکٹر اسد عبا س نے کہا کہ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس میں بہتری آئی ہے اور ورلڈکپ تک ہم ہر طرح کے فٹنس مسائل پر قابو پا لیں گے۔

مزیدخبریں