لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطالبے پر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی ا نسٹی ٹیوشن نے صنعتی ورکرز کو سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراءکے لیے موبائل ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا اعلان پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے کمشنر ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر میاں ابوذر شاد، سابق طاہر جاوید ملک، میاں زاہد جاوید، ممشاد علی، کاشف انور، افتخار بشیر چودھری، مدثر مسعود چودھری اور طارق اعوان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا کہ وہ صنعتی ورکرز کو رجسٹریشن کارڈز کے اجراءمیں تاخیر سے آگاہ ہیں لہذا انسٹی ٹیوشن نے موبائل ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو ہر ماہ کے دوسرے ہفتے میں انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کا دورہ کرکے نئے ورکرز کو کارڈز جاری کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ٹیمیں وقت سے پہلے ایسوسی ایشنز کو اپنے دورے کے شیڈول سے آگاہ کریں گی۔ ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے وعدہ کیا کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کی کمیٹیوں میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوشن جلد ہی آن لائن کنٹری بیوشن سسٹم متعارف کروارہا ہے جس سے کاروباری برادری کو سہولت ملے گی ، شاہدرہ اور سیالکوٹ میں پائلٹ پراجیکٹس پہلے ہی لانچ کیے جاچکے ہیں۔
صنعتی ورکرز کو سوشل سکیورٹی کارڈز کے اجراءکیلئے موبائل ٹیمیں بنانے کا فیصلہ
Apr 09, 2013