”حج سکینڈل“ سابقہ حکومت نے ایف آئی اے کو گیلانی کیخلاف کارروائی سے روکا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حج کرپشن سکینڈل میں ایف آئی اے کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف کارروائی سے روکا گیا۔ سابق حکومت کا خط نجی ٹی وی کو مل گیا۔ وزارت قانون کے ڈپٹی سیکرٹری صفدر ملک نے یکم مارچ کو ایف آئی اے کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی بطور وزیراعظم کسی بھی عدالت یا اتھارٹی کو جوابدہ نہیں۔ آرٹیکل 248ایک کے تحت یوسف رضا گیلانی کو استثنیٰ حاصل ہے۔ صدر، وزیراعظم، وزراءاعلیٰ، وفاقی وزرائ، صوبائی وزرا اور گورنرز کو بھی استثنیٰ حاصل ہے۔ واضح رہے کہ حج سکینڈل میں یوسف رضا گیلانی پر بطور وزیراعظم اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ دریں اثناءحج کرپشن کیس میں حامد سعید کاظمی سمیت چار ملزموں کے نام ای سی ایل میں شامل کر لئے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق دیگر ملزموں میں راﺅ شکیل، زین سکھیرا اور اسماعیل قریشی شامل ہیں۔ چاروں افراد کے نام ایف آئی اے کی درخواست پر ای سی ایل میں شامل کئے گئے۔ ایف آئی اے نے حامد سعید کاظمی کے بیرون ملک اکاﺅنٹ کا سراغ لگا لیا ہے جبکہ وزارت داخلہ نے تمام ائرپورٹس اور متعلقہ حکام کو سرکلر جاری کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں آئی این پی کے مطابق ایف آئی اے کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف حج سکینڈل سمیت مختلف کرپشن کے مقدمات زیرسماعت ہیں اور اس بات کا امکان موجود ہے کہ وہ ملک سے باہر جا سکتے ہیں اس لئے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے جلد عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن