راولپنڈی (آن لائن) راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے بے نظیر قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو سمن جاری کردیا جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف ائی اے نے قتل کیس کی از سر نو سماعت کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں چیلنج کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بے نظیر قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج چودھری حبیب الرحمن نے کی۔ عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو سمن جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 اپریل تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بے نظیر قتل کیس کی از سر نو سماعت کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں چیلنج کردیا۔ ایف ائی اے کے پراسیکوٹر چودھری ذوالفقار کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کا الگ ٹرائل کیا جائے۔ کیس میں 30 سے زیادہ شہادتیں ریکارڈ ہو چکی ہیں۔ نئے سرے سے کیس کی سماعت کے باعث ان پر اثر پڑے گا۔
بے نظیر /قتل کیس