نااہل کرپٹ حکمرانوں سے لوٹی دولت واپس لیکر غریبوں کے قدموں پر نچھاور کردینگے : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر + ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ برسراقتدار آکر نااہل اور کرپٹ حکمرانوں سے قوم کی لوٹی ہوئی رقوم واپس لے کر غریب عوام کے قدموں پر نچھاور کر دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں کا اصل دکھ یہ ہے کہ ہم نے یہ خطیر وسائل غریب آدمی کی حالت بہتر بنانے پر کیوں صرف کیے۔ میٹرو بس ، لیپ ٹاپ سکیم اور دانش سکولوں پر تنقید کرنے والوں کے منہ سے آج تک کھربوں روپے کے قرضے معاف کروانے، پنجاب بنک پر ڈاکہ زنی کرنے اور سٹیل ملز لوٹنے والوں کے خلاف ایک لفظ نہیں نکلا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ برس تک ملک کو کرپٹ اور بدعنوان افراد کو ٹھیکے پر دیئے رکھا جنہوں نے پاکستان کے قومی اداروں کو خود بھی جی بھر کر لُوٹا اور زربابا چالیس چوروں کی جیبیں بھی گرم کیں۔ اس کے برعکس حکومت پنجاب نے ان پانچ برسوں میں قومی خزانے کی ایک ایک پائی کو عام آدمی کی بہبود کے لیے صرف کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو بے مثال عوامی حمایت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کے لیے اتنی بڑی تعداد میں درخواست گزاروں کی وجہ سے امیدواروں کے انتخاب میں مشکل پیش آ رہی ہے۔ امیدواروں کا انتخاب کرتے ہوئے پارٹی کے لیے قربانیوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ حلقوں میں ان کی ذاتی ساکھ کو بھی مد نظر رکھا جا رہا ہے۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ جن افراد کو ٹکٹ نہیں مل سکے وہ پارٹی سے کم مخلص یا ان کی خدمات میں کوئی کمی رہ گئی ہے ۔ خادم پنجاب نے کہا کہ آئندہ انتخابات سے پاکستان کا مستقبل وابستہ ہے اور پاکستان مسلم لیگ ن کی خوش قسمتی ہے کہ اسے میاں محمد نواز شریف جیسا ویژنری قائد میسر ہے۔ کسی مخالف جماعت کے پاس اس قدوقامت کا کوئی لیڈر موجود نہیں۔ اس موقع پر قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مختلف حلقوں کے امیدواروں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لیے ان کی حمایت ٹکٹ سے مشروط نہیں۔ ہم ہر دو صورتوں میں مسلم لیگ (ن) کی جیت کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن