لاہورہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف سترہ امیدواروں کی اپیلیں مسترد اورتین کی اپیلیں منظورکرلیں۔

Apr 09, 2013 | 19:30

سٹی رپورٹر

لاہورہائیکورٹ کے دو الیکشن ٹربیونلز ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کر رہے ہیں۔ امیدواروں کی جانب سے دس اپریل تک اپیلیں دائرکی جا سکیں گی جبکہ الیکشن ٹربیونل سترہ اپریل تک ان اپیلوں پرفیصلے سنائیں گے۔ ہائیکورٹ کے جسٹس ناصرسعید شیخ کی سربراہی میں دو رکنی الیکشن ٹربیونل نے این اے ایک سوچھیاسٹھ سے پروفیسرمحمد مظفر،این اے ایک سوچھ سے عظمیٰ شوکت،این اے ایک سوترانوے سے ملک غضنفرسمیت کل سترہ امیدواروں کی اپیلیں مسترد کردی گئیں۔ حلقہ پی پی اکانوے سے اظہرمحمود اورپی پی بانوے سے محمد نوازچوہان سمیت کل تین امیدواروں کی اپیلیں منظورکرتے ہوئے ریٹرننگ افسروں کے فیصلے کالعدم قرار دے دئیے گئے۔ الیکشن ٹربیونل نے دو امیدواروں کی اپیلوں پرفیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ چودہ امیدواروں کی اپیلوں پرمتعلقہ حلقوں کے ریٹڑننگ افسروں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلئے گئے۔ تحریک انصاف کے رہنماءعلیم خان کے حلقہ این اے ایک سوبائیس سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف بھی اپیل دائرکردی گئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے امتیازصفدروڑائچ نے حلقہ این اے اٹھانوے سے اپنے کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف بھی اپیل دائرکردی گئی ہے۔

مزیدخبریں