وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن اورصحافیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا،چیف الیکشن کمشنر نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلات طلب کر لی ہیں

اسلام آباد میں نگران وزیر داخلہ ملک حبیب خان کی پریس کانفرنس کے دوران جب صحافیوں نے میاں نوازشریف کے حوا لے سے سوال کیے تو اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن افضل خان نے جواب دینا شروع کردیا، جس پر ایک صحافی نے انہیں ٹوکا تو اس پر ان کے اور میڈیا کے نمائندوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ، اس موقع پر نگران وزیرداخلہ نے مداخلت کرتے ہوئے معاملات کو سنبھالنے کی کوشش کی، پریس کانفرنس ابھی جاری ہی تھی کہ الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنرنے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے چند روز پہلے ہی ایک تحریری حکمنامے میں واضح کیا تھا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کے علاوہ کسی کو بھی میڈیا سے بات چیت کا اختیار نہیں جبکہ سیکرٹری کی عدم موجودگی میں ڈی جی الیکشن کمیشن ڈاکٹر شیر افگن ترجمان ہونگے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کارپوریشن اور سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں بیلٹ پیپر کی چھپائی اور سیکیورٹی کے امور پرغور کیا گیا.

ای پیپر دی نیشن