50کروڑ ڈالر یورو بانڈ میں سرمایہ کاری کی دلچسپی ظاہر کی گئی ہے: اسحاق ڈار

Apr 09, 2014

نیویارک + اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ)  وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی سرمایہ کاروں نے پاکستانی انٹرنیشنل بانڈز میں سرمایہ کاری کی خواہش طاہر کی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں 50کروڑ ڈالر مالیت کے یورو بانڈ جاری کرنے کے فیصلہ کو دبئی، لندن، ٹورنٹو اور نیویارک میں بھرپور پذیرائی ملی ہے اور سرمایہ کاروں نے 50کروڑ ڈالر یورو بانڈ میں سرمایہ کاری کی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ رواں ماہ اپریل میں پاکستانی عوام کو تین ارب ڈالرز سے زائد کی تین اہم خوشخبریاں ملیں گی۔ پہلی عالمی بانڈز مارکیٹ میں پاکستانی باندز کی فروخت ‘ دوسری تھری جی اور فو جی کی آکشن سے ایک ارب ڈالرز سے زائد کی آمدن اور تیسری واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک کے اجلاس میں پہلے مرحلے میں ایک ارب ڈالرز اور دوسرے مرحلے میں سات سو ملین ڈالرز کے قرضوں و فنڈز کا اجراء ہوگا۔ وفاق وزیر خزانہ نے یہ بات نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے گڑھ کونی آئی لینڈ ایونیو‘ بروکلین پر پاکستان مسلم لیگ (ن) امریکہ کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کے دوران کہی۔ استقبالیہ میں شرکت سے قبل اسحاق ڈار نے نیویارک میں مصروف دن گزارا اور عالمی مارکیٹ میں پاکستانی بانڈز کے اجراء کے حوالے سے اہم مالیاتی اداروں کے حکام سے اہم ملاقاتیں کیں اور کہا کہ بانڈز مارکیٹ کے حوالے سے نیویارک میں مجھے توقع ہے کہیں بڑھ کر ریسپانس ملا ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ہمیں صرف بانڈز کے حوالے سے صرف امریکہ سے ایک ارب ڈالرز تک کی پیشکش موصول ہوں گی اور اسی طرح دنیا کی دیگر مارکیٹوں سے بھی حوصلہ افزاء ریسپانس ملے گا جس کے بعد وزیراعظم ڈاکٹر نواز شریف سے مشورے کے بعد ہم فیصلہ کریں گے کہ کتنے بانڈز عالمی مارکیٹ میں جاری کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کم عرصے میں جو معاشی شعبے میں کامیابیاں حاصل کیں ہیں وہ کسی معجزے سے کم نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان طالبان کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات کررہی ہے اور اگر یہ مذاکرات ناکام ہوتے ہیں تو حکومت کے پاس دیگر آپشن بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے دیئے جانے والا  ڈیڑھ ارب ڈالرز کی امداد کا تحفہ بلا مشروط ہے‘ اس کا کسی قسم کے سیاسی ‘ عالمی یا لین دین کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران ‘ روس‘ چین ‘ امریکہ ‘ ترکی سمیت سب کے ساتھ ایک آزاد پالیسی کے تحت کریڈٹ کرنا چاہتا ہے اور کرے گا۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعظم نوازشریف کو ٹیلی فون پر یورو بانڈز کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق یورو بانڈ کا اجراء آئندہ 24گھنٹوں میں مکمل ہو جائے گا۔ عالمی منڈی میں یورو بانڈ کے اجراء سے 50کروڑ ڈالرز کا زرمبادلہ حاصل ہو گا۔ وزیراعظم نے یورو بانڈ کے اجراء کی پیش رفت پر اظہار اطمینان کیا۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ سرمایہ کاروں اور بانڈز منیجرز نے یورو بانڈ کو سراہا۔

مزیدخبریں