اسلام آباد (ثناء نیوز) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں پر فکر مند ہیں اور ان حملوں کی مذمت کرتے ہیں، آزاد میڈیا جمہوریت کا کلیدی جزو ہے اور آزاد میڈیا سے ملک کے لئے پرامن مستقبل کی تعمیر سے متعلق صحت مند قومی فکر کو تقویت ملتی ہے۔ امریکی صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے رچرڈ اولسن نے کہا کہ پاکستان کے سب سے زیادہ قابل احترام صحافیوں میں سے ایک صحافی پر جو آزادی صحافت سمیت بنیادی جمہوری آزادی کے دفاع کے لئے پیش پیش رہتے ہیں، حالیہ حملہ ان تمام لوگوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے جو اس ملک میں جمہوریت کی قدر کرتے ہیں۔ ان باہمت آوازوں کو ان عناصر کے خلاف جو انہیں خاموش کرنا چاہتے ہیں، تحفظ فراہم کرنے کے لئے ہر فرد کو مزید کوششیں کرنی چاہئیں۔