اسلام آباد( نمائندہ نوائے وقت )سپریم کورٹ میں منڈی بہائولدین کے حلقہ این اے 108 سے رکن قومی اسمبلی چوہدری اعجاز احمد کی بحالی سے متعلق حکم امتناعی میں کیس کے حتمی فیصلے تک توسیع کردی گئی۔ جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے چوہدری اعجاز احمد بنام ممتاز تارڑکیس کی سماعت کی تو انکے وکیل خواجہ حارث نے دلائل میں موقف اختیار کیا اس کیس کی سماعت یکم اپریل کو عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بنچ نے کی تھی اور چوہدری اعجاز احمد کی جعلی ڈگری سے متعلق الیکشن ٹربیونل کے نااہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے چوہدری اعجاز کی رکنیت بحال کر تے ہوئے حکم امتناعی جاری کر دیا تھا۔ اب فاضل عدالت کا دو رکنی بنچ کیس کی سماعت نہیں کر سکتا۔ عدالت نے انکے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے تین رکنی بنچ کی تشکیل کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔