کیف(این این آئی + اے پی اے) یوکرائن کی پارلیمنٹ میں ارکان حسب روایت ایک مرتبہ پھر آپس میں گتھم گتھا ہوگئے اور لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں چار ارکان زخمی ہوگئے، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست کریمیا کی یوکرائن سے علیحدگی اور روس سے الحاق کے بعد ملک کے مزید مشرقی حصوں میں آزادی کی تحریکوں نے زور پکڑلیا ہے۔ بحث کے دوران قوم پرست جماعت کے ارکان کی جانب سے کمیونسٹ پارٹی پر روس کا آلہ کار ہونے کا الزام لگایا گیا، ابھی کمیونسٹ پارٹی کا رکن الزامات کا جواب ہی دے رہا تھا کہ دو قوم پرست ارکان سے اس کی تو تکار ہوگئی، صورت حال کو دیکھتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی کے ارکان بھی وہاں پہنچ گئے اور پھر دونوں جماعتوں کے ارکان نے ایک دوسرے پر گھونسوں، مکوں اور لاتوں کی بارش کی۔ بحث کے دوران کمیونسٹ رہنما نے قوم پرستوں پر الزام لگایا کہ نیشنلسٹ روس کے کہنے پر ملک میں احتجاج کرا رہے ہیں اور ملک توڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس الزام کے بعد قوم پرست ارکان مشتعل ہوگئے۔ جبکہ نیٹو چیف آندرے فوگ راسموسین نے روس کو خبر دار کیا ہے کہ اگر ماسکو نے یوکرائن پر مزید مداخلت کی تو یہ اس کی تاریخی غلطی ہو گی۔ یوکرائن نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ ماسکو ان کے ملک میں مزید انتشار پھیلا رہا ہے جب کہ واشنگٹن نے بھی ماسکو کو خبردار کیا ہے کہ وہ یوکرائن مزید مداخلت سے باز رہے۔ دوسری جانب روس نے بھی یوکرائن کو دھمکی دی ہے کہ اگر کیف نے مشرقی علاقوں میں فوجی طاقت کا استعمال کیا تو یوکرائن میں خانہ جنگی پھیل سکتی ہے۔