قومی اسمبلی میں 10 بل پیش‘ ٹیکس نہ دینے والے ارکان کو اثاثوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنانے کی قرارداد منظور

اسلام آباد  (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز) قومی اسمبلی نے ٹیکس نہ دینے والے ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی بنانے کی قرارداد منظور کر لی۔ تحریک انصاف کے رکن اسد عمر نے قرارداد پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ تمام اراکین اسمبلی میرے لئے قابل احترام ہیں ایک دوسرے پر الزام تراشی نہ کی جائے۔ کمیٹی 90 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے اسد عمر نے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے ٹیکس کی ادائیگیوں کی چھان بین کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کی تحریک پیش کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگیوں سے متعلق ارکان پارلیمنٹ پر پہلے ہی انگلیاں اٹھ چکی ہیں، اب اگر عوام کو زبانی وضاحتیں دیں گے تو وہ یقین نہیں کریں گے، اس لئے سپیکر فوری طور پر کمیٹی بنائیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ان کے بیرون ملک کوئی اثاثے نہیں، وہ اپنے تمام اثاثوں کو آڈٹ کے لئے پیش کرنے کو تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی چھان بین کی جائے اور جن اثاثوں کی تفصیلات نہ بتائی جائیں انہیں ضبط کرلیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میرے تمام اثاثے ملک کے اندر اور میرے نام پر ہیں۔ بڑی شخصیات کو ٹیکس دینے میں پہل کرنی چاہئے۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ عمران خان نے بڑا اہم معاملہ اٹھایا ہے اسے زیر بحث لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس پارلیمنٹ میں 27 سال ہو گئے ہیں میری اور میرے خاندان کی کوئی جائیداد ملک سے باہر نہیں ہے، سب کی جائیدادوں کا حساب سامنے آنا چاہیے۔ میرا بیٹا، میری بیٹی اور پوتا بھی ٹیکس دیتا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وہ اپنی اور اہل خانہ کے اثاثوں کی تمام تفصیل دینے کو تیار ہیں صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا کہ ٹیکسوں کے حوالے سے بحث اہم معاملہ ہے اور اس معاملے پر کمیٹی قائم کر کے تحقیقات ہونی چاہئے۔ عبدالرشید گوڈیل نے کہاکہ ملک کا اصل مسئلہ معیشت ہے، ٹیکس وصول ہونگے تو معیشت مستحکم ہو گی۔ وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ ایوان کا اس معاملے پر اتفاق رائے ہے حکومت کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ 10 رکنی کمیٹی قائم کر دیں ہم تیار ہیں۔ قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ اسد عمر کی تحریک پر پورے ایوان نے اتفاق رائے کا اظہار کیا ہے اس پر بحث نہ کرائی جائے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہم نے اپنی سوچ اور جدوجہد سے اس مقدس ایوان کے وقار میں اضافہ کرنا ہے۔ قبل ازیں دستور 22 ویں ترمیم، نیشنل ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی، اسلام آباد تحدید کرایہ آرڈیننس 2014ء اور فوجداری قانون ترمیمی، قومی فضائی نقل و حمل تحفظ بورڈ بل 2014ء اور تیزاب اور آگ سے جلانے کے جرم کا بل 2014ء سمیت 10 بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیئے گئے۔ کشور زہرا نے تحریک پیش کی کہ فوجداری قانون (ترمیمی بل) 2014ء پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ مخالفت نہ ہونے پر کشور زہرا نے بل ایوان میں پیش کیا۔ ایس اے اقبال قادری نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ترمیمی بل 2014ء پیش کیا۔ اسد عمر نے کہا کہ اسلام آباد میں تجدید کرایہ داری کا بل پیش کیا۔ ماروی میمن نے تحریک پیش کی کہ تیزاب اور آگ سے جلانے کے جرم کا بل 2014ء پیش کیا جو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ کشور زہرا نے تحریک پیش کی کہ فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2014ء پیش کرنے کی اجازت دی جائے اور اجازت ملنے پر کشور زہرا نے بل ایوان میں پیش کیا۔ ایس اے اقبال قادری نے تحریک پیش کی کہ دستور بائیسویں ترمیم بل 2014ء پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے بل کی مخالفت نہیں کی اور اجازت ملنے پر ایس اے اقبال قادری نے بل ایوان میں پیش کیا۔ کشور زہرا نے تحریک پیش کی کہ فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2014ء پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ کشور زہرا نے کہا کہ بل کی منظوری سے ٹیلیفون پر دھمکیوں اور رقم کا مطالبہ کرنے جیسے جرائم کا خاتمہ ہو گا۔ بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ اجلاس کے دوران ایس اے اقبال قادری نے نمائندگی عوام (ترمیمی) بل 2014ء پیش کیا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے تحریک پیش کی کہ نمائندگی عوام (ترمیمی) بل 2014ء پیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ یہ بل انتخابی عمل کے حوالے سے اہمیت کا حامل بھی ہے۔ اس بل کو بھی کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ اس بل کی منظوری کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرایا جا سکے گا جس سے انتخابی نتائج بروقت تیار ہونگے اور دھاندلی ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ محفوظ ہوائی سفر کے حوالے سے پی پی پی پی کی رکن ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا بل ــ"قومی فضائی نقل و حمل تحفظ بورڈ بل 2014ء "  بھی قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔ عوامی نمائندگی ایکٹ میں ترمیم کے تحت خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنا جرم ہو گا۔  پی پی پی پی کی رکن شازیہ مری کے نکتہ اعتراض کے جواب میںپارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہا ہے کہ یو ٹیوب کے حوالے سے ایک این جی او نے لاہور ہائیکورٹ سے رابطہ کیا ہے جس پر اس نے دو ماہ میں سفارشات تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ ایک این جی او نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا عدالت نے دو ماہ میں تمام فریقین کے ساتھ مل کر سفارشات تیار کرنے کا متعلقہ وزارت کو حکم دیا ہے سفارشات جائیں گی تو ہائیکورٹ فیصلہ کرے گی۔ نکتہ اعتراض پرپیپلز پارٹی کے رکن نواب محمد یوسف تالپور نے کہا ہے کہ بڑی نہروں میں سوراخ کر کے پانی چوری کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے صوبائی حکومت نوٹس لے۔ ایک اور نکتہ اعتراض پرمسلم لیگ (ن) کے رکن پیرزادہ عمران احمد شاہ نے کہا کہ مارکیٹوں میںغیر حلال اشیاء کی فروخت روکے جانے کے حوالے سے موثرکارروائی کی جائے۔ ایم کیو ایم کے رکن عبدالرشید گوڈیل نے کہا ہے کہ حب میں بینک ڈکیتی میں متاثرہ 58 افراد کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ جماعت اسلامی کے رکن شیر اکبر خان نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لون پروگرام کے تحت بلاسود قرضے دیئے جائیں۔ ایم کیو ایم کے رکن عبدالوسیم نے کہا ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنائی جائے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کو قتل کیا جا رہا ہے اور آپریشن کے حوالے سے سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی محمد علی راشد نے مطالبہ کیا کہ جعلی اشیاء روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ جماعت اسلامی کے رکن عائشہ سید نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافے پر غور کیا جائے۔ فاٹا سے مسلم لیگ (ن) کے رکن شہاب الدین خان نے کہا کہ ہم فاٹا کے مسئلے کو ایوان میں لانا چاہتے ہیں۔ بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...