سری نگر (اے این این+ اے ایف پی) مقبوضہ کشمیر میں جھڑپ کے دوران فوجی اور 2پولیس اہلکار ہلاک، 4زخمی، دو سرکاری اسلحہ سمیت لاپتہ ہوگئے، 2 مجاہدین بھی شہید ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب ضلع کپواڑہ میں چوکی بل کے قریب گائوں کار پورہ میں بھارتی فورسز اور مجاہدین کے درمیان اس وقت مسلح تصادم شروع ہوا جب چوکی بل زونروشی کے قریب ایک گھر میں دو مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع پر بھارتی فوج اور پولیس کی مشترکہ پارٹی نے علاقے کا محاصرہ کر لیا تاہم اس دوران مجاہدین نے بھارتی فورسز کی مشترکہ پارٹی پر دھاوا بول دیا۔ بعض ذرائع کے مطابق جھڑپ رات بھر جاری رہی جس میں بھارتی فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر بھی ہلاک ہو گیا۔ بھارتی فوج نے علاقے کو سیل کر کے آمدورفت معطل اور لوگوں کی نقل و حرکت گھروں تک محدود کر دی تھی۔ دریں اثناء ضلع اننت ناگ میں حملے کے دوران بھارتی پولیس اہلکار شبیر احمد زخمی ہو گیا۔ حملہ آور اس کی سرکاری رائفل بھی لے کر فرار ہو گئے۔