تحریک انصاف کی درخواست پر سپیکر کی وزیر دفاع کے سخت جملے حذف کرنیکی ہدایت

اسلام آباد (آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کی استدعا منظور کرتے ہوئے وزیر دفاع کی تقریرکے سخت جملے اسمبلی کی کارروائی سے حذف کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی شیریں مزاری نے کہاکہ وزیردفاع سکیورٹی معاملات اور یمن کی صورتحال پر کم بولے اور اْنہوں نے اپنی توجہ پی ٹی آئی لیڈرشپ پر مرکوز رکھی اور دل کی بھڑاس نکالی جس کی وجہ شاید دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمشن کا قیام تھا، وہ درخواست کرتی ہیں کہ وزیردفاع کے الفاظ حذف کئے جائیں جس پر سپیکر نے ہدایات جاری کر دیں۔ شیریں مزاری نے کہاکہ ماضی میں بھی امریکی جنگ کا حصہ بننے کی مخالفت کی تھی لیکن پورے ملک کو سی آئی اے اور بلیک واٹر کے حوالے کردیا گیا ، کوشش کی جائے کہ یمن مین جنگ بندی کرائی جائے، ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے، سعودی عرب کو خطرہ ہوا تو پھر جانا چاہیے لیکن معاملے کا تعلق سعودی عرب کی سلامتی نہیں بلکہ یمن سے متعلق ہے۔ اْنہوں نے کہاکہ ہمیں امن کی طرف چلنا ہے، جنگ میں شامل ہونا امن کے حق میں نہیں ہوگا، کسی کا ساتھ نہیں دے سکتے۔

ای پیپر دی نیشن