لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز اسلام آباد میں چین کے سفیر سن ویڈانگ نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے چین کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد اور مخلص دوست ہے۔ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاک چین دوستی ہر کسوٹی پر پورا اتری ہے۔ چین نے پاکستان کو مختلف شعبوں کی ترقی میں بھرپور تعاون کر کے دوستی کا حق ادا کر دیا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں پاک چین دوستی کے نئے دریچے کھل رہے ہیں اور چین کی قیادت نے پاکستان کے ساتھ لازوال دوستی کے دیرینہ رشتوں کو مستحکم کرنے کیلئے اقتصادی و معاشی خوشحالی کے نئے دروازے کھول دیئے ہیں۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے سفر میں چین کی حکومت اور قیادت کا بھرپور ساتھ پاک چین دوستی کے لازوال رشتوں کا عکاس ہے اور چین ترقی و خوشحالی کے سفر میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں چین کا تعاون ہمارے لئے قابل فخر ہے۔ چین کے تعاون سے توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے اور 2017ء کے اختتام تک پاکستان میں چین کے تعاون سے توانائی کے متعدد منصوبے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔ چین نے پاکستان کے مختلف شعبوں کی ترقی میں بھرپور تعاون فراہم کر کے دوستی کا حق ادا کیا ہے۔ شاہراہ معیشت نے پاک چین تعلقات کو نئی جہت عطا کی ہے۔پاک چائنہ اکنامک کوریڈور سے معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔پاک چائنہ اکنامک کوریڈور خطے میں مثبت تبدیلیوں کا پیامبر ثابت ہو گا۔ اکنامک کوریڈور کا اجراء چین کی لیڈر شپ کا پاکستان کی موجودہ قیادت پر بھرپور اعتماد کااظہار ہے۔ پاکستان کے عوام چین کے صدر کے دورے کیلئے چشم براہ ہیں۔ چین کے سفیر سن ویڈانگ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا ہے۔ شہباز شریف کی محنت اور عزم سے چینی قیادت بہت متاثر ہے۔ چین پاکستان کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھتا ہے اور پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ مزید براں شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کے بلند ترین محاذ اور دشوار ترین چوٹیوں پر ملک و قوم کی حفاظت کیلئے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے پاک افواج کے بہادر سپوت آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور قوم کو فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کی عظیم قربانی پر فخر ہے۔ شہباز شریف نے 7 اپریل 2012ء کوپیش آنے والے سانحہ گیاری کے حوالے سے اپنے پیغام میں سانحہ گیاری سیکٹر کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم کو اپنی افواج کے غازیوں اور شہداء پر فخر ہے اور پاکستانی قوم گیاری کے شہداء کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔