کراچی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی سے خوف کی فضا کو ختم کرنا ہے۔ ایم کیو ایم بندوق کی سیاست ختم کرے، الیکشن میں پولنگ کے اندر اور باہر رینجرز یا فوج تعینات کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عمران کا کہنا تھا کہ اس الیکشن سے پاکستان کی تقدیر بدلے گی، چاہتے ہیں کہ ضمنی انتخاب پرامن طور پر ہو، تصادم نہیں چاہتے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی کروں گا، الطاف حسین کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، لیکن اگر ہمارے کسی کارکن کو نقصان پہنچا تو لندن میں الطاف کیخلاف کیس کرینگے، ہمارے وکلا کی ٹیم الطاف حسین کیخلاف مقدمہ کیلئے تیار بیٹھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تبدیلی کا وقت آ گیا ہے، لوگ عزیز آباد میں الیکشن میں کھڑے ہونے سے ڈرتے ہیں۔ کراچی کے بزنس مین ملک چھوڑ کر باہر جا رہے ہیں۔ میرے اوپر پھول پھینکیں، ٹماٹر یا انڈے میں تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیٹ جیتنے یا ہارنے سے فرق نہیں پڑتا خوف ختم کرنا چاہتے ہیں، ضمنی الیکشن ہارنے کی صورت میں تبصرہ کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ گرتے ہیں شہسوار ہی میدان جنگ میں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے میٹنگ ہونا باقی ہے، کوشش ہو گی کہ جماعت اسلامی بھی ہمیں سپورٹ کرے۔ ایک سوال پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کسی اور کی جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔ ہم نے 4 حلقوں کی بات کی تھی، اس الیکشن میں سب نے کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے، جوڈیشل کمشن بننے پر پوری قوم کو مبارک باد دیتا ہوں۔ قبل ازیں کراچی پہنچنے پر عمران خان کا شاندار استقبال کیا گیا، ائرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے عمران نے کہاکہ کراچی ہمارا گھر ہے، خوف کی فضا ختم کریں گے۔ عمران نے کہا کہ 2015ء الیکشن کا سال ہے نہ بھی ہو تو جوڈیشل کمشن کی وجہ سے اگلا الیکشن شفاف ہوگا، 6 ہفتے میں جوڈیشل کمشن کا فیصلہ آجائے گا دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔ حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمشن جب تک نہیں کہتی کہ اسمبلی آئینی ہے یہ اسمبلی آئینی نہیں ہوسکتی، جوڈیشل کمشن کہہ دے اسمبلی آئینی ہے تو ہم خود جاکر مبارکباد دیں گے۔ اقتدار کی نچلی سطح پر منتقلی سے ہی مسائل حل ہوں گے۔ چھوٹے صوبوں کو ان کا حق نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمشن بن گیا ہے اب سندھ کو وقت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی حالت سب سے خراب ہے، غریب کی حالت نہیں بدل رہی۔ قبل ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوتے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پر بھی حاضری دی اور وقار شاہ کے والد کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ عمران خان نے مزار پر حاضری دی اور چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ این اے 246کا ضمنی الیکشن ایم کیو ایم کے خلاف فیصلہ کن معرکہ ہے۔ کراچی کی عوام کو بلاخوف گھروں سے نکل کر ایم کیو ایم کے خلاف ووٹ ڈالنا ہوگا۔ میرے کسی کارکن کو کچھ ہوا تو لندن میں الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ یمن میں کسی صورت پاک فوج کو نہیں بھیجنے دیں گے، حکومت پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کرے، دوسروں کی فکر چھوڑ دے۔ عمران خان نے کہا کہ میرے استقبال کے لئے نائن زیرو میں انڈے اور ٹماٹر اکٹھے کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں الیکشن لڑنا میرا حق ہے، کراچی والو تیار ہو جائو۔ میری والدہ کا خاندان مہاجر تھا، میرا خاندان بھی ہجرت کرکے آیا، کہہ سکتا ہوں کہ میں بھی مہاجر ہوں، کراچی کے لوگوں کے پاس ووٹ دینے کی آزادی نہیں تھی۔ جناح گرائونڈ خود جائوں گا اور لوگوں کو بتائوں گا کہ خوف سے باہر آئو۔ ایم کیو ایم بھتہ لیتی تھی اب اور گروپ بھی آ گئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ جب میں نے نیوٹرل امپائر کی بات کی تھی تب بھی لوگ میرے خلاف ہو گئے تھے مگر اب جوڈیشل کمشن بن گئی ہے ہمارا دھرنا تاریخی تھا جو جمہوریت کے لیے تھا۔ ایم کیو ایم نے حلقے کو نوگو ایریا بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے خواجہ آصف کو پورا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے داڑھی کے بغیر طالبان کہا گیا کوشش ہے اردو بولنے والوں کو کراچی میں اکٹھا کر سکوں۔ موجودہ حالات میں کراچی آگے نہیں بڑھ سکتا۔ نواز شریف نے خواجہ آصف کو پارلیمنٹ میں بولنے کا پورا موقع دیا۔ کوئی انسان دوسرے انسان کو ذلیل نہیں کر سکتا۔ مجھے اسمبلی میں آنے کی دعوت دی گئی اور درباری نواز شریف کو راضی کرنے میں لگ گئے۔ پارلیمنٹ میں سوچ رہا تھا کہ میرے خلاف کیسی زبان استعمال کی جا رہی ہے۔ کوشش کروں گا کہ آج میرے ساتھ حلقے میں ریحام خان بھی جائے۔ کمپرومائز کرنا پڑتا ہے سب سے بڑا کمپرومائز شادی ہوتی ہے۔ الطاف حسین کو میانوالی میں انتخابی مہم کی دعوت دی۔ اگر ہارے تو اپنی غلطیاں اور کمزوریاں ختم کریں گے۔
لندن (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے عمران خان کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ کل تک میں اور عمران دونوں پاکستانی تھے، آج عمران خان کے انکشاف کے بعد کہ وہ مہاجر ہیں ہم دونوں بھائی بھی بن گئے۔ عمران خان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کریں گے۔ عمران بھائی آپکا شکریہ آپکو آدھا نہیں، پورا مہاجر سمجھتا ہوں۔ عمران خان کی دعوت پر میانوالی جاؤنگا۔ دونوں ملکر غریبوں کو حقوق دلائیں گے۔ تنقید ضرور کریں مگر ادب کا خیال رکھیں۔ ایم کیو ایم کے ووٹ بنک میں کمی آئی ہے، ہمدردوں میں ناراضگیاں دور کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ عمران خان بھابھی محترمہ کو بھی جناح گراؤنڈ لائیں خوشی ہوگی۔ رابطہ کمیٹی جناح گراؤنڈ میں عمران خان کا استقبال کرے، انڈے روز نہیں منگوائے جاتے، ٹماٹر تو کھانا پکانے کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔ جیسے ہی پاسپورٹ ملا پاکستان آؤنگا۔ عمران بھائی میانوالی سمیت جہاں بلائیں گے جاؤنگا۔ انشاء اللہ ہم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ امن اور پیار کیلئے سو مرتبہ بیک فْٹ پر جانے کیلئے تیار ہوں۔ نیک نامی کا سبب نہ بننے والے پارٹی سے دور ہوں گے۔ رابطہ کمیٹی سے کہونگا کہ ریحام بھابھی کو خوبصورت سیٹ اور عمران بھائی کو اچھا سوٹ کا کپڑا تحفے میں پیش کریں۔ پاکستان سے باہر رہ کر بھی تمام حالات جانتا ہوں۔ پارٹی کے قانونی ماہرین سے کہونگا کہ کوئی راستہ نکالیں۔ یمن میں فوج نہ بھیجی جائے۔ میں عمران خان کو جناح گراؤنڈ جلسہ کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔ اگر عمران خان کا وہ نمبر مل جائے جسے وہ خود اٹھائیں تو ان سے رابطہ کرکے بھی دعوت دونگا۔ اس سے قبل الطاف حسین نے کارکنوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے لڑائی ہو اور الیکشن رکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران آئیں اور پیار سے الیکشن لڑیں جو جیتا ایک دوسرے کو مبارکباد دیں گے۔الطاف حسین نے کہا ہے کہ عمران خان آ ج سے میرے بھائی ہیں۔ رابطہ کمیٹی عمران کی جناح گرائونڈ آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کرے۔ جب جب الیکشن ہوئے تمام سیاسی جماعتیں مل کر ایم کیو ایم کے مقابلے میں امیدوار کھڑا کرتی تھیں لیکن ان کی ضمانتیں ضبط ہوئیں۔ اب دو جماعتوں کے اتحاد سے ہمیں کوئی خوف نہیں ہے ہم اللہ کے فضل و کرم سے کامیاب ہوں گے۔ الطاف حسین نے کہا کہ علی گڑھ قصبہ میں پہاڑیوں سے اتر کر قتل عام کیا گیا۔ حیدرآباد میں بھی لوگوں کو قتل کیا گیا لیکن ایک بھی قاتل نہیں پکڑا گیا۔ الطاف حسین نے عمران خان کے عزیز آباد آنے پر دعوت کھلانے کے سوال پر جواب دیا کہ اپنی استطاعت کے مطابق کوشش کرتے ہیں کہ اپنے مہمانوں کو کھلائیں۔ اگر مجھے اشارہ مل جائے کہ بھابھی جناح گرائونڈ یا میرے گھر آ رہی ہیں تو رابطہ کمیٹی سے کہوں گا کہ وہ جیولر کی دکان سے جیولری لے کر ریحام بھابھی کو تحفہ دیں اور عمران بھائی کو معیار کا سوٹ، بھابھی کے عزیز آباد آنے پر جیولری سیٹ میری طرف سے دیا جائے۔ انہوں نے یمن کے مسئلے پر کہا کہ پاکستان کے لئے مشورہ ہے کہ ثالثی کا کردا ر ادا کریں۔الطاف حسین نے کہا ہے کہ عمران خان آ ج سے میرے بھائی ہیں۔ رابطہ کمیٹی عمران کی جناح گرائونڈ آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کرے۔ جب جب الیکشن ہوئے تمام سیاسی جماعتیں مل کر ایم کیو ایم کے مقابلے میں امیدوار کھڑا کرتی تھیں لیکن ان کی ضمانتیں ضبط ہوئیں۔ اب دو جماعتوں کے اتحاد سے ہمیں کوئی خوف نہیں ہے ہم اللہ کے فضل و کرم سے کامیاب ہوں گے۔ الطاف حسین نے کہا کہ علی گڑھ قصبہ میں پہاڑیوں سے اتر کر قتل عام کیا گیا۔ حیدرآباد میں بھی لوگوں کو قتل کیا گیا لیکن ایک بھی قاتل نہیں پکڑا گیا۔ الطاف حسین نے عمران خان کے عزیز آباد آنے پر دعوت کھلانے کے سوال پر جواب دیا کہ اپنی استطاعت کے مطابق کوشش کرتے ہیں کہ اپنے مہمانوں کو کھلائیں۔ اگر مجھے اشارہ مل جائے کہ بھابھی جناح گرائونڈ یا میرے گھر آ رہی ہیں تو رابطہ کمیٹی سے کہوں گا کہ وہ جیولر کی دکان سے جیولری لے کر ریحام بھابھی کو تحفہ دیں اور عمران بھائی کو معیار کا سوٹ، بھابھی کے عزیز آباد آنے پر جیولری سیٹ میری طرف سے دیا جائے۔ انہوں نے یمن کے مسئلے پر کہا کہ پاکستان کے لئے مشورہ ہے کہ ثالثی کا کردا ر ادا کریں۔