لاہور (کامرس رپورٹر) کاروباری برادری نے حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے مطالبہ پر آئندہ مالی سال سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی یقین دہانی پر تشویش کا اظہار کیا ہے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزٹیو کمیٹی ممبر خواجہ خاور رشیداور پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف) کے چئیرمین ملک طاہرجاوید نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے صنعتکاروں پر اضافی بوجھ پڑے گا۔ بجلی گیس قیمتوں میں اضافہ سے پیداواری لاگت میں اضافہ اور ملک میں مہنگائی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتیں بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور ٹیکسوں میں اضافہ سے پہلے ہی متاثر ہو رہی ہیں اسی لیے 2014-15 کیلئے جی ڈی بی کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا ہے۔ اگر حکومت آئندہ مالی سال کیلئے اقتصادی ترقی کی شرح4.3%حاصل کرنا چاہتی ہے تو توانائی بحران کا خاتمہ کیا جائے اور صنعتوں کو مسلسل سستی بجلی و گیس فراہم کی جائے تب ہی اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی پر شرح نمو کے 30فیصد سبسڈی کم کرنے سے 90ارب روپے کا مزید بوجھ عوام پر پڑے گا۔