آخری سانس اور فتح حاصل کرنے تک ظالمانہ نظام سے لڑینگے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس نے مرکزی قیادت کے انتخاب کیلئے یونین کونسل کے کارکنوں کو ووٹ کے استعمال کا حق دیا، کارکنوں نے انقلاب کیلئے لازوال قربانیاں دیں، مجھے اپنے کارکنوں کی قربانیوں پر فخر ہے، ہم کرسی کیلئے نہیں بلکہ 18 کروڑ مسائل کا شکار عوام کو ان کے آئینی حقوق دلوانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ آخری سانس اور فتح تک میں اور میرے کارکن ظالمانہ نظام سے لڑیں گے، علاج سے مطمئن ہوں جو ابھی جاری ہے حتمی ٹیسٹ اپریل کے آخر یا مئی کے پہلے ہفتے میں ہونگے۔ مکمل صحت یابی کے بعد پہلا سفر پاکستان کا کروں گا۔کینیڈا سے ویڈیو لنک پر آل پاکستان ورکرز کنونشن سے  خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نومنتخب عہدیداروں ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈا پور ودیگر کو انکے انتخاب پر مبارک  بھی دی اور کہا کہ پارٹی کی منتخب قیادت اپنی ساری توجہ عوامی تحریک کو گراس روٹ پر آرگنائز کرنے اور متحرک کرنے کے یک نکاتی ایجنڈے پر مرکوز کرے۔ کارکنوں کی عزت پر کوئی کمپرومائز نہیں کروں گا۔ ہر کارکن میرا بیٹا ہے اور ہر کارکن کی رائے کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دوران عوامی تحریک نے ملکی سیاسی تاریخ میں ایک روشن باب رقم کیا ،70دن کے دھرنے میں اگر کارکن میرے ساتھ تھے تو میں بھی ایک لمحہ کیلئے ان سے جُدا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور عوامی تحریک کی فکری تحریک میں اب شہداء کا لہو بھی شامل ہو چکا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کا خون بہانے والوں کی رعونت میں اضافہ ان کی رسی دراز ہونے کی نشانی ہے فرعون بھی غرق ہونے تک بڑا پراعتماد تھا۔ ماڈل ٹائون کے شہداء کے خون کو نہ بھول سکتا ہوں نہ معاف کر سکتا ہوں، خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔ کارکن ہر سطح پر بلدیاتی انتخابات میں ڈٹ کر حصہ لیں، گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی بھرپور توجہ دیں اور عوامی تحریک کے 10 نکاتی ایجنڈے کی روشنی میں گلی گلی جائیں اور عوام کو ظالم حکمرانوں اور ظالم نظام کے خلاف آواز اٹھانے پر آمادہ کریں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...