گلگت+ کوہستان+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) گلگت کے علاقے حراموش میں مکان پر تودہ گرے سے 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تودہ مکان پر گرا۔ علاوہ ازیں پشاور سمیت خیبر پی کے میں طوفانی بارشوں کے باعث ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا محکمہ موسمیات کے مطاب بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہے گا۔ پشاور میں بارش کے باعث ابوظہبی سے پشاور آنے والی نجی ائر لائن کی پرواز کو لاہور اتار لیا گیا۔ ہزارہ، مالا کنڈ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ مزید براں کوہستان کے علاقے اتھور باڑی میں ملبے تلے دبے 23 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی۔ رکن خیبر پی کے اسمبلی عبدالستار خان نے 23 افراد کی موت کی تصدیق کرتے بتایا کہ جاں بحق افاد کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کر دی گئی۔ علاوہ ازیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث استور اور گلگت، راولپنڈی کا رابطہ تاحال بحال نہیں ہو سکا۔ ضلع بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ مزید براں آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پی کے میں شدید بارشوں کی وجہ سے گلگت سکردو روڈ مختلف مقامات پر بلاک ہے۔ آرمی کے 600 فوجی جوان اور 96 انجینئرز پلانٹس بحالی کا کام کر رہے ہیں شاہراہ قراقرم پر 108 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کو کلیئر کیا گیا۔ شاہراہ قراقرم پر 473 کلومیٹر کی سڑک کو بحال کیا گیا۔ پاک فوج نے چلاس، برسین اور پتن میں ہیلی کاپٹر سے امدادی سامان تقسیم کیا۔ مزید پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ میں پھنسے غیر ملکیوں سمیت مزید 90 افراد کو نکال لیا گیا ریسکیو کرکے نور خان ائربیس راولپنڈی پہنچا دیا۔ گزشتہ دو روز میں تقریباً پانچ سو افراد کو ریسکیو کرکے نور خان ائربیس پہنچایا جا چکا ہے۔ علاوہ ازیںکوہستان کے ڈپٹی کمشنر راجہ فضل خالق نے کہا ہے کہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بدستور بند ہے، سڑکوں کی بندش سے کئی مقامات پر سینکڑوں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سنیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں بارشوں کے دوران 200 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ضلع کوہستان کا رابطہ منقطع ہے۔ عمران مشکلات سے دوچار عوام پر توجہ دیں۔ اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا بھرپور ازالہ کرے گی۔ انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر بارشوں سے متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد کی جارہی ہے۔ ادھر ملتان اور گردونواح میں گذشتہ روز تیز آندھی چلی۔ آندھی کی شدت 55 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
خیبر پی میں بارش، 2 خواتین جاں بحق، 23 افراد کے مارے جانے کی تصدیق
Apr 09, 2016