اسلام آباد (آن لائن) پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد حبیب طاہر نیپال کے علاقے لمینی سے لاپتہ ہوگئے۔ نوکری کا جھانسہ دینے والی بھارتی ویب سائٹ بند، ڈیٹا غائب اور برطانیہ سے آنے والی کال کا نمبر بھی جعلی نکلا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 2014ء میں پاک فوج سے ریٹائر ہونیوالے کرنل محمد حبیب طاہر نے چند ماہ قبل لنکسٹرن اور اقوام متحدہ کی ویب سائٹس پر سی وی لوڈ کیا جس کے بعد بھارتی پوسٹ ویب سائٹ اور برطانیہ سے مسٹر تھامسن کے نام سے آنے والی کال کے ذریعے ان سے رابطہ قائم کیا گیا اور نوکری کیلئے نیپال کے علاقے لمینی بلایا گیا جہاں سے وہ 6 اپریل کو لاپتہ ہوئے۔ خیال رہے کہ نیپال کا علاقہ لمینی بھارتی سرحد سے صرف 5کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ دفترخارجہ نے سابق لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب کی نیپال میں گمشدگی کی تصدیق کردی۔ نفیس زکریا نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے معاملہ نیپالی حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے۔ سابق فوجی کے اہل خانہ سے بھی رابطے میں ہیں۔ حبیب طاہر کی گمشدگی کی اطلاع اہل خانہ نے دی۔