عمران خان کا جگہ جگہ والہانہ استقبال کارکنوں کے پرجوش نعرے‘ ترانے بجتے رہے کمیٹی چوک میں بارش کے باوجود آتشبازی

راولپنڈی (عزیز علوی ۔ تصاویر سجاد حیدر)۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بنی گالہ سے آئی جے پرنسپل روڈ کے راستے پہلے ممبر سازی کیمپ پیرودھائی پہنچے تو کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد بھی پی ٹی آئی کارکنوں اور عمران خان کے درمیان حائل نہ ہوئے اور مائیک ان کے حوالے کردیاٌ۔ پی ٹی آئی قائد جب چوہڑ چوک پہنچے تو فضاء پارٹی ترانوں سے گونج اٹھی سٹیج پر عمران خان نمودار ہوئے تو کارکنوں نے پرجوش نعرے لگائے سٹیج پر عامر کیانی پہلے پہنچے اور ملک محبوب ، چوہدری یوسف ، عمر تنویر بٹ اور ضیا کوثر ملک نے ان پر پھول نچھاور کئے ۔عمران خان چوہڑ چوک سے بینک روڈ پہنچے جہاں اعزاز آصف ، شاہد گیلانی سمیت تاجر برادری کے نمائندے شوکت رشید بٹ سن کے استقبال کیلئے موجود تھے ۔عمران خان کو صدر سے مال روڈ کے راستے کچہری چوک سے جھنڈا چیچی نہ لے جانے پر کینٹ کے رہنماء اور کارکن ناراض ہوئے جنہوں نے بڑے بل بورڈ آویزاں کر رکھے تھے ۔چیئرمین پی ٹی آئی کو جھنڈا چیچی سے براستہ مریڑ چوک جب کمیٹی چوک پہنچایا گیا تو ان کے سٹیج پر پہنچتے ہی بارش شروع ہوگئی کمیٹی چوک میں کارکنوں نے انتہائی پرجوش انداز میں تالیاں بجائیں اور نعرے لگاکر اپنے قائد کا استقبال کیا ۔کمیٹی چوک سے عمران خان ناز سینماء چوک میں سہیل رانا اور اظہر میر کی جانب سے لگائے گئے کیمپ میں بھی گئے جہاں سے ان کا قافلہ چاندی چوک کے راستے کمرشل مارکیٹ پہنچا جہاں عمران خان نے بھرپور خطاب کیا جس میں وہ ن لیگ کے سینئر رہنماء محمد حنیف عباسی پر بھی خوب برسے کمرشل مارکیٹ میں بارش کے باوجود کارکنوں نے آتشبازی بھی کی ۔

ای پیپر دی نیشن