اب ہماری باری آئے گی‘ لٹیروں کی گردنوں پر پاﺅں رکھ کر پیسہ واپس لائیں گے : سراج الحق

لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے ہمارے بڑوں نے قربانیاں دیکر ہمیں آزاد ملک دیا، بزرگوں کی قربانیوں کے باعث ہم آج آزاد ہیں، قائداعظم نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اسلامی ریاست ہے چند قومیتوں کے مجموعے کا نام نہیں۔ مینار پاکستان پر آج تاریخی جرگہ ہے ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ وہ گزشتہ روز مینار پاکستان پر جماعت اسلامی یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ سراج الحق نے کہا پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے، بلوچستان میں سونے کے ذخائر ہیں پھر بھی لوگ محروم ہیں۔ مینار پاکستان آزادی اور جدوجہد کا نام ہے، یہاں مشرف جیسے حکمران آئے جس نے امریکی دباﺅ میں آ کر محسن ملت ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان پر پابندیاں لائیں اور انہیں نظربند کیا۔ انہوں نے کہا جو پاکستان سے ٹکرائے گا پاش پاش ہو جائے گا۔ میں اس نظام سے بغاوت کا اعلان کرتا ہوں۔ اس کرپٹ نظام پر لعنت بھیجتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست اور ادارے قائداعظم کے افکار کے مطابق نہیں چل رہے۔ موجودہ نظام میں غریب سے اس کا حق چھینا جاتا ہے، ہم نے پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنانا ہے۔ انہوں نے کہا سندھ میں بے روزگاری ہے، سوچ نے ترقی نہیں کی، پورے پاکستان پر جاگیرداروں کا قبضہ ہے۔ مسلم لیگ کی حکومت کتنی بار آئی نوجوان بوڑھے ہو گئے لیکن یہاں مسلم لیگ ہی کی حکومت ہے، اب ہمماری باری آئے گی اور یہاں پنجاب میں عوام کی حکومت ہو گی۔سراج الحق نے کہا سیاستدان کشکول توڑنے کے کھوکھلے دعوے کرتے ہیں، بیرون ممالک بنکوں میں رکھا گیا پیسہ واپس لائیں گے جہاں غریب نوجوان ڈگریاں جلانے پر مجبور ہوں اس نظام پر لعنت بھیجتا ہوں، نوجوان اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک وہ ایوانوں میں نہ پہنچے، امریکہ کی مرضی سے ملنے والی کرسی پر لعنت بھیجتا ہوں۔ پی آئی اے کبھی پاکستان کی پہچان تھا، آج 19 ارب روپے کے خسارے میں ہے۔ ریلوے کا خسارہ 33 ارب روپے اور ملک کا تجارتی خسارہ 28 ارب ڈالر ہے۔ حکمرانوں کی یہی صلاحیت ہے تو ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہونی چاہئیں۔ وی آئی پی کلچر کیلئے اربوں روپے اور تعلیم کیلئے صرف 2.6 فیصد رکھا جاتا ہے۔ آصف زرداری نے کہا تھا پنجاب پر ان کی حکمرانی ہوگی۔ پنجاب پر زرداری کی نہیں غریبوں کی حکومت ہوگی۔ وزیراعظم کی امریکہ میں تلاشی لی گئی امریکیوں کی بھی پاکستان آمد پر اسی طرح تلاشی ہونی چاہئے، کشمیر کے شہریوں کی جنگ ہماری جنگ ہے ہمارا پانی بند ہورہا ہے اور ہمارے حکمران بھارت سے تجارت کررہے ہیں۔ کشمیر میں قتل عام پر ہماری حکومت نے کچھ نہیں کیا، ہمارے نوجوان پاکستان کے جغرافیے کی حفاظت کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو خط لکھا ہے، کشمیر ہمارے لئے زندگی و موت کا مسئلہ ہے، افسوس حکومت کشمیر کیلئے کچھ نہیں کررہی۔ تحفظ ناموس رسالت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ایٹم بم سے نہیںبلکہ ہمارے نوجوان سے ڈرتا ہے۔بد قسمتی سے ملک پر جاگیرداروں کا قبضہ ہے جس نظام میں پڑھے لکھے نوجوان کو روزگار نہ ملے،مزدور مزدوری کر کے بھوکا سوئے میں ایسے نظام پر لعنت بھیج کر بغاوت کر تا ہوں۔ مجھ میں اور دوسرے سیاستدانوں میں بنیادی فرق یہ ہے کہ میں اللہ سے ڈرتاہوں اور دوسرے نیب سے ڈرتے ہیں۔ حکمرانوں نے ملک پر 85 ارب ڈالر قرضہ لاد دیاہے جبکہ پانچ سو ارب ڈالر ہمارا بیرونی بنکوں میں پڑاہے۔ اللہ نے ہمیں موقع دیا تو لٹیروں کی گردن پر پاﺅں رکھ کر ان سے کہیں گے کہ یا پیسہ واپس دو یا وہاں چلے جاﺅ جہاں تم نے پیسہ رکھا ہے۔ پارٹیاں بدلنے والے اور حکومتوں میں رہنے والے کرپٹ جس بھی واشنگ مشین میں جائیں، عوام ان کو جانتے ہیں، ان پر لگے کرپشن کے داغ نہیں اتریں گے۔اگلا یوتھ کنونشن راولپنڈی میں ہوگا۔ انہوںنے کہا میں ایسی کرسی اور اقتدار پر لعنت بھیجتاہوں جس کے پیچھے امریکہ ہو۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا اصل قیادت اور قوم کی امیدوں کا مرکز آپ ہیں۔ آپ قوم کی قیادت کے لیے کمر کس لیں اور آئندہ انتخابات کو کرپٹ ٹولے کے لیے یوم حساب بنادیں۔ ہم پچاس فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیں گے۔ ہم نوجوانوں کے لیے اقتدار کے دروازے کھولیں گے۔ ہم ظالمانہ وی آئی پی نظام ختم کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ناموس رسالت کی حفاظت کے لیے خون کا آخری قطرہ تک بہادیں گے۔ ناموس رسالت کے قانون کو چھیڑنے والے کی گردن پکڑیں گے۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ شائع کی جائے۔
سراج الحق

سراج الحق

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...