اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح 13 اپریل کو ہوگا۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 969 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ اس اہم ترین منصوبہ کے پہلے یونٹ کا افتتاح وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے کئے جانے کا امکان ہے، پہلے مرحلے میں 242 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل ہوگی۔ الیکٹرو مکینیکل آلات کی تنصیب کے ساتھ ساتھ بہت سے کامیاب تجربات بھی کئے گئے۔ منصوبے کا پہلا یونٹ 13اپریل سے پیداوار دینا شروع کردے گا جس کے بعد دوسرے، تیسرے اور چوتھے یونٹ بھی ایک ماہ کے وقفہ سے بالترتیب پیداوار دینا شروع کردیں گے۔ منصوبے سے قومی گرڈ کو سالانہ 5 ارب روپے مالیت کی کم قیمت کی پن بجلی فراہم کی جائے گی جس سے سالانہ 50 ارب روپے کے فائدہ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ نیلم جہلم کا 90 فیصد کا کام بلند و بالا پہاڑی علاقہ میں زیر زمین کیا گیا ہے۔