فاٹا میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج شروع ہو گی‘ سکیورٹی کے سخت ا نتظامات

Apr 09, 2018

پشاور (بیورو رپورٹ) وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) میں تین روزہ انسداد پولیو اور وٹامن اے مہم آج پیر کے روز سے ایجنسی سرجنز، پولیٹیکل انتظامیہ، کمشنرز اور مسلح افواج کی نگرانی اور سرپرستی میں شروع ہوگی۔ فاٹا میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج 9 اپریل 2018 سے 11 اپریل تک جاری رہے گی جس کے بعد رہ جانے والے بچوں کو پولیو قطرے پلوانے اور سرویلنس کا کام جاری رکھا جائے گا۔ مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے کل9 لاکھ 96 ہزار 981 بچوں کو 4 ہزار 567 ٹیموں کی مدد سے پولیو سے بچائو کے قطرے پلوائے جائیں گے جس میں 4ہزار 181 موبائل ٹیمیں، 277 فکسڈ ٹیمیں اور109 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ وٹامن اے کی کمی پوری کرنے کے لیے مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کیپسول بھی دیئے جائیں گے۔ وٹامن اے کیپسول فاٹا بھر میں 6سے9 5 مہینے تک کی عمر کے9 لاکھ 11 ہزار 894 بچوں کو پولیو ٹیموں کی مدد سے دیئے جائیں گے۔ کوآرڈنیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) فاٹا محمد زبیر خان نے فاٹا ٹیم کو انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے، خصوصاً رہ جانے والے اور دوران سفر بچوں کو پولیو قطرے پلوانے پر توجہ مرکوزکرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے سرحد پر ٹرانزٹ ٹیموں کو افغانستان سے پاکستان آنے اور واپس جانے والے دوران سفر پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو پولیو قطرے پلوانے کی یقین دہانی کرنے پر خصوصی توجہ دینے کا کہا۔ انہوں نے پولیو کارکنان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ پولیو ٹیموں کی محنت کا نتیجہ ہے جو پچھلے بیس (20) مہینوں سے فاٹا صفر پولیو کیس کی حیثیت برقرار رکھ پایا ہے اور یقیناً ان کا عزم ہی فاٹا میںپولیو خاتمے کے حتمی مقصد کے حصول کا ذریعہ بنے گا۔ فاٹا میں صفر پولیو کیس کی حیثیت کو برقرار کیے (20) بیس مہینے مکمل ہو چکے ہیں۔ فاٹا میں آخری پولیوکیس 27 جولائی، 2016 کو سامنے آیا تھا، جس کے بعد سے اب تک کوئی پولیو کیس سامنے نہیں آیا۔ فاٹا میں پچھلے سال(2017) میں کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ اس سال (2018) میں بھی اب تک کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

مزیدخبریں