چودھری نثار کے سیاسی مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں

اسلام آباد (محمد نواز رضا) سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ (ن) چھوڑ رہے ہیں اور نہ ہی تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ چودھری نثار علی خان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیوں میں کوئی صداقت نہیں بلکہ ان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی خبریں ’’کردار کشی‘‘ کی مہم کا حصہ ہے۔ اتوار کو نوائے وقت سے چودھری نثار علی خان کے قریبی افراد نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چودھری نثار علی خان نے جس جماعت کی آبیاری اپنے خون سے کی ہے اسے کس طرح چھوڑ سکتے ہیں وہ مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن) نہیں چھوڑیں گے بلکہ پارٹی کے اندر رہ کر اپنے مخالفین کا مقابلہ کریں گے۔ چودھری نثار علی خان کے عمران خان سے ذاتی تعلقات ہیں جبکہ ان کی سیاست مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم پر ہے۔ وہ پارٹی میں بعض رہنماؤں کی طرف سے پیدا کردہ صورت حال کے باوجود ’’ادھر ادھر‘‘ نہیں دیکھ رہے۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان نے کبھی پارٹی ٹکٹ کے لئے درخواست نہیں دی اب بھی وہ پارٹی سے ٹکٹ کے لئے درخواست نہیں دیں گے یہی وجہ ہے انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے خود اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑیں گے یا پارٹی ٹکٹ لیں گے۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان کا وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے مسلسل رابطہ ہے وہ کوئی انتہائی اقدام نہیں اٹھا رہے۔

ای پیپر دی نیشن