لاہور/ فیصل آباد (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ پارٹی کے اندر جو کچھ ہورہا ہے وہ افسوسناک ہے اور اب کوشش ہے کہ مزید دھڑے بازی نہ ہو۔ لاہور پہنچنے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا میری کوشش ہے پارٹی میں مزید دھڑے بازی نہ ہو، جلد کوئی ایسا فارمولا طے کرلیں گے کہ اتحاد قائم رکھ سکیں ۔تاہم کارکنوں کی اچھی بات ہے کہ ان میں تقسیم نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا جیسے جیسے ہم الیکشن میں جائیں گے پارٹی کے مسائل کم ہوں گے۔ حکومت ختم ہونے میں مہینہ رہ گیا اور اگر کوئی پتنگ کٹ بھی جائے تو کوئی فائدہ نہیں۔ فاروق ستار نے کہا پنجاب میں انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ اپنے کارکنان میں سے بھی امیدوار ڈھونڈیں گے۔ علاوہ ازیں فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں وفاداریاں تبدیل کروانے کا عمل شروع ہو چکا ہے، وفاداریاں تبدیل کرانے کے عمل سے ملکی سیاست کو نقصان ہو گا۔ اس سے جمہوری عمل غیرمستحکم ہو گا، اراکین اسمبلی کو مرضی کے بغیر دوسری جماعتوں میں لے جایا جا رہا ہے، ارکان پریشان ہیں، ان کے اہلخانہ مشکل میں پڑ جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کی لوٹ مار میں ہمارے کسی شخص کا نام نہیں، ہمیں سیاسی حقوق اور آزادی نہیں ملی، ہمارے باقی ماندہ ایم پی ایز نے سینٹ الیکشن میں خود کو بیچا ہے، مائنس سربراہ ون اور اب مائنس سربراہ ٹو بنایا جا رہا ہے۔ میری کوئی ضد نہیں، سربراہ کی عزت کا معاملہ ہے۔ سربراہ کو باختیار ہونا چاہئے۔ خالد مقبول صدیقی اور میں رابطہ کمیٹیاں تحلیل کریں اور عدالت کے باہر مسئلہ حل کریں۔
وفاداریاں تبدیل کرانے سے ملکی سیاست کو نقصان، جمہوری عمل غیرمستحکم ہوگا: فاروق ستار
Apr 09, 2018