اسلام آباد ( چوہدری محمد اعظم گِل ۔خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے مارچ کے آخری دو ہفتوں میں 688مقدمات نمٹائے ہیں جس کے بعد عدالت عظمی میں زیر التواء مقدمات کی تعداد 38388ہوگئی ہے 16مارچ کو زیر التوا مقدمات کی تعداد 38245تھی۔ مارچ کے آخری دو ہفتوں میں 831نئے مقدمات دائر کئے گئے جبکہ 688مقدمات نمٹائے جاسکے جس کے بعد زیر التواء مقدمات کی تعدا دمیں 143مقدمات کا اضافہ ہوا ہے ۔ نوائے وقت کو دستیاب تازہ اعداو شمار کے مطابق اس عرصہ کے دوران اسلام آباد میں 320، کراچی میں 65، لاہور میں 338، پشاور میں 99اور کوئٹہ رجسٹری میں 9نئے مقدمات دائر کئے گئے ۔ اسی طرح اسلام آباد میں عدالت عظمی کے بینچز نے 406، کراچی میں 23،لاہور میں 259 کیس نمٹائے گئے تاہم پشاور اور کوئٹہ رجسٹریز میں کوئی مقدمہ بھی نہیں نمٹایا گیا کیونکہ ان دونوں مقامات پر سماعت کیلئے کوئی بینچ نہیں تشکیل دیا گیا تھا۔ عدالت عظمی میں اس وقت 24ازخود نوٹس زیر سماعت ہیں جبکہ 15ازخود نوٹس کیسوں میں سنائے گئے فیصلہ پر نظر ثانی کی درخواستیں بھی زیر سماعت ہیں ۔ بنیادی انسانی حقوق سے متعلق زیر التوا کیسز کی تعداد168ہے، سب سے زیادہ دیوانی کیس زیر التواء ہیں جن کی تعداد 30ہزار سے زائد ہے ۔ 2500جیل پٹیشنز بھی زیر التوا ء ہیں ۔ عدالت عظمی میں صرف ایک ریفرنس زیر التواء ہے ، یہ ریفرنس سابق صد رآصف علی زرداری کی جانب سے عدالت عظمی کوبھجوایا گیا تھا جس میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو قتل کیس کو دوبارہ کھولنے کی درخواست کی گئی ہے۔