اسلام آباد (وقائع نگار+ وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان کی موجودگی میں ایوان وزیرا عظم کے چھٹے فلور پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ اور سکیورٹی عملے کی دوڑیں لگ گئیں تاہم واقعہ میں وزیراعظم اور ان کے سیکرٹریٹ کا عملہ محفوظ رہا۔ ایم سی آئی نے فائر ٹینڈرزکی مدد سے آگ پر فوری طور پر قابو پالیا ہے۔ واقعہ کی انکوائری کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ پیر کے روز وزیرا عظم عمران خان معمول کے مطابق ایوان وزیر اعظم میں دفتری امور میں مصروف تھے کہ اس دوران وزیر اعظم کے آفس کے چھٹے فلور پر اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، آگ کی اطلاع پاکر ایوان وزیر اعظم میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں نے فائر سیفٹی آلات کی مدد سے چھٹے فلور کے محدود حصے پر لگی آگ کو بجھانا شروع کردیا تاہم اس دوران میٹرو پولیٹن کارپوریشن ( ایم سی آئی ) کے زیر انتظام فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیزاسٹر کے آگ بجھانے والی پانچ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے کام میں حصہ لیا گیا۔ اس موقع پر عملے نے چھٹے فلور پر موجود دفاتر کے ملازمین کو فوری طورپر متبادل راستوں سے باہر نکالا جبکہ وزیر اعظم خود پانچویں فلور پر واقع اپنے دفتر میں موجود رہے۔ بعدازاں وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایوان وزیراعظم میں لگنے والی آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جو ایک محدود ایریا پر تھی اور اس پر فوری طورپر قابو لیا گیا تھا۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ واقعے میں کسی بھی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ وزیراعظم آفس میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد آج اجلاس کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، آج اجلاس وزیراعظم آفس کے بجائے وزیراعظم ہاؤس میںصبح ساڑھے 11 بجے ہوگا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا یوسف بیگ مرزا نے کہا ہے کہ وزیراعظم سیکرٹریٹ کی تیسری منزل کے باتھ روم سے دھواں ڈکٹ کے ذریعے چھٹی منزل تک پہنچا ،آتشزدگی کے وقت وزیراعظم عمران خان وزیراعظم سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ،دھواں بڑھنے پر وزیراعظم کی ہدایات پر وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ملازمین کو باہر نکال کر انٹرنل سسٹم کے ذریعے نصف گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا گیا ،آتشزدگی میں کوئی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی ریکارڈ جلا ۔پیر کو وزاعظم سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے یوسف بیگ مرزا نے کہا کہ وزیراعظم کو آگ کا بتایا گیا جس پر انہوں نے آگ کی نوعیت معلوم کرنے کی ہدایت دی، جب وزیراعظم کو آتش زدگی کی اطلاع دی گئی اور عمارت سے باہر آنے کا کہا گیا تو انہوں نے کہا کہ پہلے سٹاف کو عمارت سے نکالیں پھر میں نکلوں گا۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ کے تمام ملازمین کو عمارت سے باہر نکالا جائے جس کے بعد تمام ملازمین کو باہر نکل کر وزیراعظم سیکرٹریٹ کے انٹرنل سسٹم کے ذریعے نصف گھنٹے میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔