لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ہماری گوجرانوالہ میں پاکستان سپر لیگ میچز کے انعقاد سے مقامی سطح پر کھیل کو بہت فروغ ملے گا۔ وزیراعظم عمران خان کا آئندہ برس پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کا اعلان خوش آئند ہے۔ اس اقدام سے ملک میں کرکٹ کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ اگر ہم پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کروا رہے ہیں تو گوجرانوالہ سٹیڈیم ان میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ گوجرانوالہ کے عوام کرکٹ سے بیپناہ محبت کرتے ہیں اور جب کبھی یہاں کرکٹ میچز ہوئے ہیں شائقین کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود رہی ہے۔ اب ہماری کوشش ہے کہ سٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام مکمل کیا جائے اور آئندہ برس پی ایس ایل کے چند میچوں کی میزبانی گوجرانوالہ کو دی جائے۔ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو قائل کرنے کی کوشش کرونگا۔ ہمارے ریجن میں تین سٹیڈیمز ہیں ان پر توجہ دی جائے تو مقامی سطح پر کرکٹرز کو کھیل کی بہترین سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ اس اہم مسئلہ پر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کیے جائے تو اہداف حاصل کرنے میں آسانی ہو گی۔ ریجن میں تمام سیاسی لوگوں کو دعوت ہے کہ وہ آئیں ہمارے ساتھ مل کر چلیں تاکہ کھیل کی بہتری اور مسائل کے حل کے لیے اکٹھے ہو کر کام کیا جائے۔ ہمارا مقصد کھیل کی فلاح اور کھلاڑیوں کی ترقی ہے۔ نئے ڈومیسٹک سٹرکچر میں چھ ٹیموں کو شامل کیا جا رہا ہے جو اچھا ہو گا وہی فرسٹ کلاس میں جگہ بنائیگا۔
گوجرانوالہ میں پی ایس ایل میچز کھیل کو بہت فروغ ملے گا:نعمان بٹ
Apr 09, 2019