اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی ایئرلائن پی آئی اے کا خصوصی طیارہ عراق میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کراسلام آباد پہنچ گیا ہے۔ خصوصی طیارہ پی کے 9814 عراق میں پھنسے 136 پاکستانیوں کو لے کر بدھ کو اسلام آباد پہنچ گیا۔ ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کا طبی معائنہ اور سکریننگ کی۔ 135 مسافروں اور11 کریو ممبر کو مختص ہوٹلوں کے قرنطینہ منتقل کردیا گیا جب کہ بلال نامی مسافرکوجسم کا درجہ حرارت زیادہ ہونے پر پمز منتقل کردیا گیا ہے۔ مسافروں اور پی آئی اے کریو کے خون کے نمونے ہوٹل میں لئے گئے۔ کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے والے مریضوں کو گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ عراق میں پاکستان کے سفیر ساجد بلال اور انکے عملے نے پھنسے پاکستانیوں کو بغداد کے ہوائی اڈے سے رخصت کیا۔ پھنسے مسافروں میں معذور، عورتیں، بوڑھے اور بچے بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر بغداد ایئرپورٹ پاکستان زندہ باد کے نعروں سی گونج اٹھا۔ مسافروں نے تہہ دل سے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے دعائیں مانگیں۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ برطانوی شہریوں کو وطن واپس پہنچانے کے لئے ہماری امدادی پروازیں جاری ہیں۔ گزشتہ روز لاہور سے مانچسٹر اور لندن کے لئے پروازیں روانہ ہوئیں۔ اسلام آباد سے برمنگھم، مانچسٹر اور لندن کے لئے بھی پروازیں روانہ ہو گئیں۔ ائر پورٹس پر مسافروں کے لئے خصوصی حفاظتی انتظامات کے گئے تھے۔ پی آئی اے کی خصوصی ٹیم مسافروں کی رہنمائی کے لئے ائر پورٹ پر موجود تھی۔ پی آئی اے کے گراؤنڈ پر خدمات دینے عملے کو ماسک، دستانے اور سینی ٹائزر فراہم کئے گئے۔ کیبن کریو اور کاک پٹ کریو کو دوران پرواز خدمات سر انجام دینے کے لئے خصوصی لباس فراہم کیا گیا۔
پی آئی اے کی خصوصی پرواز عراق میں پھنسے پاکستانیوںکو لیکر اسلام آباد پہنچ گئی
Apr 09, 2020