11 ہفتوں کا لاک ڈائون ختم ہونے پر ووہان میں جشن، عمارتیں جگمگ

Apr 09, 2020

بیجنگ (شنہوا+این این آئی) چین کی حکومت کی جانب سے حالات بہتر ہونے پر ملک میں کرونا وائرس کے مرکزی شہر ووہان سے 11ہفتوں کے طویل لاک ڈائون کو ختم کرنے پر شہریوں نے جشن منایا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق چینی حکام نے ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد آبادی کے حامل شہر میں عوام کو سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے اور شہر میں داخلے اور اخراج پر عائد پابندیاں بھی ختم کردی ہیں۔ چین کی حکمران پارٹی کے سیکرٹری جنرل نے لاک ڈائون کے خاتمے کے حوالے سے کہا کہ شہر کے اعلی عہدیداروں نے ایئرپورٹ، ریلوے سٹیشن اور دیگر مقامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کو کھولتے وقت حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا جس کے ساتھ ساتھ امن و امان کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مقصد ہے کہ وبا کسی صورت دوبارہ سر نہ اٹھائے۔ اس موقع پر شہر میں عمارتوں پر چراغاں کیا گیا۔ ووہان کے گرد ٹول پلازوں پر لگی رکاوٹیں ہٹانے کے بعد لمبی قطار میں لگی گاڑیوں سے باہر نکل کر اور ہارن بجا کر طویل انتظار کے بعد آنیوالے اس لمحے کا جشن منایا گیا۔ ووہان سے صوبہ شان ڈونگ میں اپنے گھر کی جانب جانیوالے ایک تاجر گو لے نے کہا کہ میں اپنے آبائی قصبے کی جانب جانے کیلئے مزید انتظار نہیں کر سکتا۔ میں اور میرے رشتہ دار سب وبا کی وجہ سے یہاں پھنسے ہوئے تھے۔ ووچھانگ ریلوے اسٹیشن پر نصف شب سے کچھ دیر بعد ہی 400 سے زائد مسافر جنوب میں گوانگ ڑو جانیوالی کے81 ٹرین پر سوار ہوئے، یہ پہلی ٹرین تھی جو لاک ڈائون اٹھائے جانے کے بعد ووہان سے روانہ ہوئی۔

مزیدخبریں