مستحق افراد کو مالی امداد پہنچانے کیلئے پاکستان بیت المال و ٹیلی نار کے درمیان مفاہمتی یاد داشت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان بیت المال کے زیر انتظام چلنے والے مراکز ’’دارلاحساس‘‘ کے بچوں اور معذور افراد کو ان کے گھروں میں مالی امداد پہنچانے کے لیے ٹیلی نار مائیکروفائنانس بینک لمیٹدکے درمیان ایک مفاہمتی یاد داشت عمل میں آئی ہے جس کے تحت ٹیلی نار مائیکروفائنانس بینک لمیٹدپاکستان بیت المال کے مستحقین کو ان کی دہلیز پر رقوم کی منتقلی یقینی بنائے گا۔منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے سی ای او ٹیلی نار مائیکروفائنانس بینک لمیٹدمبشر عاقل سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے بلامعاوضہ اور برقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کی بدولت غریب اور معذور افراد کو مشکل حالات سے نبٹنے میں مدد ملے گی۔ اس حوالے سے تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے پیش نظر ملک بھر میں دارلاحساس مراکز بند ہیں، جبکہ یتیم بچے اپنی ماؤں کے ساتھ رہ رہے ہیں۔پاکستان بیت المال نے فیصلہ کیا ہے کہ 5000کے قریب ان یتیم بچوں کے ماہانہ اخراجات ان کے گھروں ہی میں ان کی ماؤں کو ادا کردیے جائیں۔مزید برآں پاکستان بیت المال کے ’’سپیشل فرینڈز پراجیکٹ‘‘ سے وابستہ تقریباً 5000 معذور افراد کو مالی امداد بھی ان کے گھروں ہی میں پہنچائی جارہی ہے۔ایم ڈی پاکستان بیت المال نے موجودہ حالات کے پیش نظر غریب عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا، وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں مستحق افراد کی داد رسی کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ویڈیو لنک پر بات چیت کرتے ہوئے سی ای او ٹیلی نار مائیکروفائنانس بینک لمیٹدمبشر عاقل نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مشکل حالات میں پسے ہوئے طبقات کی بحالی کے پاکستان بیت المال کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن