کورونا وائرس کابحران‘شان فوڈز کی مستحقین کیلئے امداد

Apr 09, 2020

کراچی ( کامرس رپورٹر) مصالحہ جات کی صنعت میں صف اول کی کمپنیوں میں سے ایک شان فوڈز نے کورونا وائرس کے بحران کے دوران بھوک سے لڑنے کے لیے میدان میں قدم رکھ دیا ہے۔اس عالمی وبا کے ملک میں تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر شان فوڈز نے اپنی کوششوں کو تیزتر کرتے ہوئے اپنے تمام وسائل روزانہ کی بنیاد پر کمانے والے افراد کی معاونت پر خرچ کرنا شروع کر دیے ہیں۔ اپنی ان کوششوں میں مدد کے لیے کمپنی نے اقوام متحدہ ایسوسی ایشن آف پاکستان(یو این اے پی)، جے ڈی سی، دی اورینج ٹری فاؤنڈیشن اور ہم نیٹ ورک سے اشتراک کر لیا ہے جو مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کر رہے ہیں۔شان فوڈز کی سینئر مارکیٹنگ کمیونیکیشنز اینڈ ای کامرس منیجر ماریہ راشدی نے ملک میں موجودہ صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کمپنی ہونے کی وجہ سے شان فوڈز نے ہمیشہ ملک کے لوگوں کا خیال کیا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے ہم سب غیریقینی صورتحال سے دوچار ہیں اور اس کی وجہ سے بڑی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر کمانے والے افراد کو ضروری اشیا کی سخت ضرورت ہے۔ ہم یو این اے پئ، ہم ٹیلی ویژن نیٹ ورک، جے ڈی سی، اورینج ٹری فاؤنڈیشن اور آزادانہ بنیادوں پر فلاحی کام کرنے والے افراد کے ساتھ اپنی شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس کر رہے ہیں جہاں یہ افراد راشن جمع کر کے مستحق اور ان ضرورت مند افراد کو تلاش کر کے یہ امداد دے رہے ہیں جو صحیح معنوں میں اس امداد کے مستحق ہیں۔شان فوڈز کے جنرل منیجر مارکیٹنگ شیخ عادل حسین نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا ہمیں جیسے ہی علم ہوا، تو ہمیں بحیثیت کمپنی اور برانڈ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے اپنی کوششیں شروع کرنے کے لیے زیادہ نہیں سوچنا پڑا۔ کمپنی نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے وسائل کو ازسرنو مختص کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ فوری طور پر ہمارے ساتھ پارٹنرشپ کرنے والی تنظیموں کو ڈھونڈا جا سکے۔ ہم ناصرف مقامی تنظیموں کے ساتھ ہاتھ ملا رہے ہیں بلکہ ایک عالمی برانڈ کی حیثیت سے ہم نے شمالی امریکا اور مشرق وسطیٰ میں بھی متعدد فوڈ بینک ڈھونڈ لیے ہیں جو عالمی سطح پر ہماری مدد کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں