راولپنڈی(جنرل رپورٹر) کوروناکنٹرول ومانیٹرنگ پروگرام راولپنڈی ڈویژن کے انچار ج صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرکے انہیں ’’چیف منسٹر فنڈبرائے کورونا کنٹرول ‘‘ کیلئے اپنی جانب سے ایک ملین روپے فنڈ کا چیک پیش کیا،اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہاآزمائش کے اس کڑے وقت میں متاثرہ لوگوں کی خدمت کا یہ جذبہ انتہائی لائق تحسین اور قابل ستائش ہے، وزیر اعلی نے کہا اس فنڈمیں جمع ہونے والی رقم سمیت حکومت کی جانب سے دی جانے والی امداد کی ایک ایک پائی پوری ایمانداری کے ساتھ مستحقین کو دی جائے گی اور اس عمل میں کوئی سیاسی یا گروہی وابستگی نہیں دیکھی جائے گی، ہم سب یکجا ہو کر کورونا کا مقابلہ کر رہے ہیں اور انشاء اللہ قومی یکجہتی کے ساتھ کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہونگے ،راشد حفیظ نے وزیر اعلی کو بتایا انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں یونین کونسل کی سطح پر مستحق خاندانوں کو راشن دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور بتایا انہوں نے آر آئی یو راولپنڈی میں قائم قرنطینہ سنٹر میں داخل مریضوں سے خود ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت کرکے ان کی خیریت اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیاجس پر تمام مریضوں اور ہسپتال سٹاف کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا،اس مرکز میں داخل تمام45 مریض روبہ صحت ہیں اور مجموعی طور پر صورتحال کنٹرول میں ہے۔
چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول ،راجہ راشد حفیظ نے وزیر اعلیٰ کو ایک ملین کا چیک پیش کیا
Apr 09, 2020