بارہمولہ کے قصبے سوپور میں شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں لوگوں نے بھارتی فوجی محاصرے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ضلع بارہمولہ کے قصبے سوپور میں شہید نوجوان سجاد احمد ڈار کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نوجوان کی میت خاکی قصبے کے علاقے آرمپورہ میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کی طرف سے تباہ کیے جانے والے ایک مکان کے ملبے سے برآمد ہوئی تھی۔ہزاروں لوگوں نے شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے شہید کے آبائی علاقے سعدپورہ سوپور میں جمع ہوئے۔ شہید کی میت کو آرم پورہ سے ایک بڑے جلوس کی صورت میں سعد پورہ پہنچایا گیا ۔ لوگوں نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگا ف نعرے لگائے۔

ادھربھارتی فوجیوں نے کپواڑہ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ، شوپیاں، اسلام آباد، پلوامہ ، کولگام اور راجوری اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ بھارتی پولیس نے پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت سرینگر اور ہنداڑہ کے علاقوں سے تیس سے زائد افراد گرفتار کر لیے۔

ای پیپر دی نیشن