ٹیلی نار اورعالمی بینک کے  اشتراک سے 1100 خواتین  کی  ڈیجیٹل سکلز میں تربیت 

Apr 09, 2021

کراچی ( کامرس رپورٹر)ٹیلی نار پاکستان نے عالمی بینک کے گرلز لرن ویمن ارن ( جی ایل ڈبلیو ای) پروگرام کے تحت 1100 خواتین کو تربیت فراہم کرکے خواتین کی تعلیم اور ڈیجیٹل لٹریسی میں اضافہ کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔پروگرام کے تحت 1100 خواتین کو کاروباری مسائل کے حل اور کاروبار کی ترقی میں مدد دینے کیلئے ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے تربیت فراہم کی گئی ۔ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور بدقسمتی سے سکول نہ جانے والے بچوں میں لڑکیوں کی تعداد 53 فیصد ہے ۔ملک میں افرادی قوت میں خواتین کا تناسب 29 فیصد ہے اور انٹر پنیوئر خواتین صرف ایک فیصدہیں۔یہ جی ایل ڈبلیو ای ( GLWE) پروگرام کی  توجہ کامرکز ہے اور ان متعین کردہ اہداف کے حصول کیلئے ٹیلی نار پاکستان کی ٹیلی نار کری ایٹ اکیڈمی نے ایک مخصوص نصاب تیار کیا ہے  تاکہ جدوجہد کرنے والی   انٹر پنیوئر  خواتین کو ڈیجیٹل سکلز میں تربیت فراہم کی جاسکے۔اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے خرم اشفاق، چیف آپریٹنگ آفیسر ، ٹیلی نار پاکستان نے کہا’’آج ہمیں جن چیلنجوں کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی طرف سے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے اور ہم ٹیلی نار پاکستان میں معاشرے کی بہتری کیلئے معنی خیز اقدامات اٹھانا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔خواتین کی تعلیم اور خود مختاری مشکل چیلنجوں میں سے ایک ہے اور ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے ہم نے  مثبت تبدیلی لاتے ہوئے 1100 انٹرپرینور خواتین کو ان کے خوابوں کی تعمیل کیلئے انہیں بااختیا بنایا ہے۔تربیت حاصل کرنے والی 1100 خواتین میں سے 770 خواتین  کا تعلق مالاکنڈ، صوابی اور چارسدہ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوںسے تھا۔ مزید برآں شہری خواتین کو صنعتی علم اور اس سے متعلقہ مہارتوں میں تربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔ عالمی بینک کے ساتھ اشتراک سے ’ گرلز لرن ویمن ارن‘ کے شاندار نتائج کے حصول کے بعد ٹیلی نار پاکستان ملک بھر میں تنوع اور شمولیت کے فروغ کیلئے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے بھر پور استفاد ے کا عزم جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزیدخبریں