کورونا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھارتی میزبانی پر غیر یقینی کی تلوار لٹکنے لگی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ٹی 20ورلڈ کپ کی بھارتی میزبانی پر غیریقینی کی تلوار لٹکنے لگی جب کہ روزانہ ایک لاکھ  کورونا وائرس سامنے آنے پر آئی سی سی بھی گھبرا گئی۔بھارت کو رواں برس اکتوبر میں مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا ہے تاہم ملک میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز نے آئی سی سی کو بھی پریشان کردیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے عبوری چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے واضح کردیاکہ میگا ایونٹ کی میزبانی کے حوالے سے پلان بی موجود ہے۔ورچوئل میڈیاکانفرنس کے دوران ایلرڈائس نے کہاکہ ہم یقینی طور پر شیڈول کے مطابق ایونٹ منعقد کرنا چاہتے ہیں، ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے مگر ابھی ان پلانز کو متحرک نہیں کیا، ہم اس وقت بی سی سی آئی کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، بیک اپ پلانز پر صرف مناسب وقت آنے پر ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔یاد رہے کہ ساتھی ملازمین سے بدسلوکی کی وجہ سے رخصت پر جانے والے مانو ساہنی کی جگہ ایلرڈائس کو عارضی طور پر چیف ایگزیکٹیو بنایا گیا ہے، انھوں نے کہا کہ کرکٹ اس وقت بہت سے ممالک میں کھیلی جا رہی ہے، ہم ان سے بائیوببل کے حوالے سے کافی کچھ سیکھ رہے ہیں، اس کے ساتھ دوسری اسپورٹس باڈیز کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، اس وقت تک ہماری تیاری اچھی مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے، ہمیں 2 ماہ کے اندر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کرانا ہوگا،اس حوالے سے بھی پلاننگ پر ہی عمل پیرا ہیں۔

ای پیپر دی نیشن