کہروڑپکا(نیوزرپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن کے احکامات تحصیل کہروڑپکا میں دبادئے گئے۔عوام کی جانب سے کمشنر ملتان کو دی گئی درخواست فائلوں کے انبار تلے غائب۔ناجائز قابضین کے وظیفہ خوار عملہ نے درخواست کی نقول ناجائز قابضین کو بھجوا کر اپنا حصہ کھرا کر لیا۔عملہ مال نے موضع اسماعیل پور اور ٹبی وڈاں پہنچ کر کمرشل دکانوں کے شٹر بند کروادئے۔کھڑی فصلیں کٹوادیں۔ حکومت کو کروڑوں رو پے کے نقصان کے باوجودکوئی وصولی نہ ہوئی۔محکمہ انٹی کرپشن کے ذریعے قبضے واگزار کرواکرتاوان وصول کیا جائے عوام کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق اہالیان بستی نالہ موضع اسماعیل پور ٹبی وڈاں کی عوام نے کمشنر ملتان ڈویژن کے نام درخواست ارسال کی تھی ۔جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ تحصیل کہروڑپکا میں سینکڑوں ایکڑ سرکاری رقبہ ملکیتی صوبائی حکومت موجود ہے۔جس پر مختلف بااثر لوگ قابض ہیں۔اور بغیر پٹہ کے رقبہ پر فصلیں کاشت کر کے حکومت کو کروڑوں روپے کا سالانہ نقصان پہنچا رہے ہیں۔جبکہ انٹی کرپشن لودھراں کے ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالفقار خاں اور محکمہ مال کی زیر نگرانی صرف کاغذوں کی حد تک کاروائی کی گئی۔اور کوئی رقبہ واگزار کرانے کی بجا ئے کاشتہ فصلیں بھی انہی بااثر لوگوں کو سپرداری پر دی گئیں۔جن کا ایک پیسہ بھی حکومت کے خزانہ میںجمع نہ کرایا گیا۔بلکہ انہیں لوگوں نے دوبارہ فصلیں کاشت کر لیں۔اس وقت بھی سینکڑوں ایکڑ رقبہ پر فصلیں تیار ہیں۔اور مختلف لوگ جن میں خاص طور پرگڈن برادری کے با اثر مختیار احمد محمد افضل پسران شاہ محمد گڈن، پٹھان ، جوئیہ ، بلوچ برادریاں موضعات اسماعیل پور ،ٹبی وڈاں،مسہ کوٹھا،رانا واہن،بیلا واگھہ، شاہ پور پھل،بہاول گڑھ،نصیرالدین و اہن،بہادی واہن،چیلے واہن میں رقبہ کو کمرشل اور سکنی بنیادوں پر اعلانیہ فروخت کر رہے ہیں۔جس میں عملہ محکمہ مال پوری طرح تعاون کر رہا ہے۔موقع پر مواضعات اسماعیل پور،ٹبی وڈاں ،مشرف واہن،رانا واہن میں کمرشل اورسکنی تعمیرات ہو رہی ہیں۔آرا مشینیںلگائی گئی ہیں۔اس طرح بندر بانٹ کر کے حکومت کو کروڑوں روپے سالانہ کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔کاروائی کی جاوے ۔کمشنر ملتان نے درخواست تحقیقات کیلئے تحصیل کہروڑپکا بھجوائی گئی جو ڈپٹی کمشنر وغیرہ سے ہوتی ہوئی اسسٹنٹ کمشنر کہروڑپکا نعیم بشیر کے پاس آئی۔جنہوں نے17/3/2021کو تحصیلدار کہروڑپکا کو بھجوادی لیکن تحصیلدار کہروڑپکا کے دفتر میں مضبوط بیوروکریسی نے حسب سابق درخواست فائیلوں کے انبار تلے دبا کر اس کی فوٹو کاپیاں ناجائز قابضین کو بھجواکراپنا حصہ وصول کر لیا جبکہ علاقہ کے پٹواریوںنے اپنے منشیوں سمیت علاقے کا دورہ کیا اور ڈپٹی ڈائریکٹر انٹی کرپشن اور ADCRسید عباس شاہ کے ممکنہ دورہ اور تحقیقات کے اندیشہ سے آگاہ کرتے ہوئے اپنی نگرانی میں دکانوں کے شٹر بند کرواکر دکانوں کو مکانوں کا حصہ بنا دیا گیا۔جبکہ کھڑی فصلیں کٹوادی گئیں۔علاقہ کے لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ انٹی کرپشن کے ذریعے قبضے واگزار کرائے جائیں تاوان وصول کیا جائے اور ذمہ دار عملہ کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔
ناجائز قبضوں کیخلاف درخواست پر کمشنر کے احکامات تحصیل کہروڑ پکا میں دبا لئے گئے
Apr 09, 2021