کرونا: مزید 98 اموات: عید کے بعد تمام شہریوں کیلئے ویکسین رجسٹریشن شروع ہو گی

Apr 09, 2021

لاہور+ فیصل آباد+ وزیر آباد+ اسلام آباد (آئی این پی+ صباح نیوز+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)  ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 98 افراد جاں بحق ہو نے  کے بعد اموات کی تعداد 15 ہزار 124 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 5 ہزار 517 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 5 ہزار 329 نئے کیسز رپورٹ ہوئے،  ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 58 لاکھ 4 ہزار 877 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے،  اب تک 6 لاکھ 23 ہزار 399 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 942 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پارلیمارنی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ رواں ماہ کرونا ویکسین کی 70 لاکھ ڈوز پاکستان پہنچ جائیں گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پہنچنے والی 70 لاکھ ڈوز  میں سائنو فارم کی تیار 40 لاکھ ڈوز اور کین سائنو کی خام ویکسین شامل ہیں۔ لاہور میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 22 فیصد کی تشویشناک سطح پر جاپہنچی ہے۔ شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ دنیا میں 13کروڑ 36لاکھ 88ہزار سے زائد افراد متاثر اور 29لاکھ 1ہزار 38افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سربراہ این سی او سی اسد عمر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ عید کے بعد تمام شہریوں کی ویکسی نیشن کیلئے رجسٹریشن شروع ہو گی۔ 50 سال کے شہریوں کی ویکسی نیشن کا عمل چند دنوں میں شروع ہو جائیگا۔ روس سے ویکسین سپوتنک کی خریداری کے معاملات پر بات ہوئی۔ روس کی طرف سے کرونا ویکسین کی پاکستان کو فروخت کی تصدیق کے منتظر ہیں۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں آج جمعہ کے روز کرونا ویکسی نیشن سنٹرز بند رہیں گے۔ الائیڈ ہسپتال میں کرونا سے مزید 6 مریض جاں بحق، نئے 26 کرونا کے مریض داخل ہوئے، انتظامیہ نے ضروری کارروائیوں کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ ضلعی انتظامیہ  نے لاک ڈاؤن کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز مزید دس شاپنگ مالز و پلازے، تین نجی سکولز ایک شادی ہال اور چھ ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا۔ جبکہ پچاس ہزار روپے جرمانے بھی کئے گئے۔  کرونا میں اضافہ کی وجہ سے وزیر آباد شہر کی چار اربن یونین کونسلز کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا گیا۔

مزیدخبریں