لاہور (نمائندہ خصوصی )لاہور ہائی کورٹ کے ایک کلو چینی 80 روپے ایکس مل قیمت پر رمضان کے دوران فراہمی کے احکام پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ ایک لاکھ 55 ہزار ٹن چینی کی مارکیٹ میں فراہمی کے لئے شوگر ملوں اور کین کمشنر پنجاب کے مابین کوٹہ طے پا گیا ہے کہ کون سی شوگر مل کتنی چینی فراہم کرے گی۔ گزشتہ روز رجسٹرڈ شوگر ڈیلرز کو مکہ شوگر مل سے سرکاری تحویل میں لی گئی 500ٹن چینی میں سے چینی 80 روپے ایکس مل قیمت پر فراہم کی گئی جس سے رمضان سے قبل چینی کی فراہمی نہ صرف ایک ہفتہ سے زیادہ متاثر رہنے کے بعد بحال ہو جائے گی بلکہ صارفین کو 85 روپے فی کلو کی قیمت پر ملنے کا امکان ہے۔ شوگر ڈیلرز نے بھی اس کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں باقی شوگر ملوں سے چینی کی سپلائی شروع ہو جائے گی جس سے رمضان سے قبل صوبے میں صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ نیب چینی کی برآمد میں اربوں روپے سبسڈی کے معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ چینی میں سبسڈی کے حوالہ سے تحقیقات کا حکم چیئرمین نیب نے دیا تھا۔ چیئرمین نیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (CIT) کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کو چینی کی برآمدات کے حوالے سے جو ریکارڈ ملا ہے اس میں اہم انکشافات بھی شامل ہیں۔