ایف آئی اے کا خسرو بختیار کے بھائی کی شوگر ملز کو نوٹس، نیب نے محکمہ خوراک پنجاب کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا

Apr 09, 2021

اسلام آباد+ رحیم یار خان (نامہ نگار+ بیورو رپورٹ) چینی کی برآمد میں شوگر ملز مالکان کو اربوں روپے سبسڈی کے معاملے پر نیب راولپنڈی کی ٹیم کی جانب سے محکمہ خوراک پنجاب کے دفتر پر چھاپا مار کر چینی کی برآمد کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق نیب کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم معاملے کی انکوائری کررہی ہے۔ نیب نے متعدد بار محکمہ خوراک سے 3 سال کی برآمد کا ریکارڈ طلب کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ  نے ریکارڈ کی فراہمی میں لیت و لعل سے کام لیا۔ اس انکوائری میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین  سکندر ایم خان گزشتہ ماہ نیب اسلام آباد پیش ہوکر مطلوبہ ریکارڈ نیب کو فراہم کرچکے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے نے وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی مخدوم شہر یار کی شوگر ملز کو نوٹس جاری کر دیا۔ شوگر ملز انتظامیہ کو جاری نوٹس میں 15 اپریل کو اعلیٰ عہدیداران کو ایف آئی اے لاہور طلب کیا گیا ہے۔ نوٹس میں مخدوم شہر یار کو سٹے کے ذریے بیچی گئی چینی کی دستاویزات ساتھ لانے کا حکم بھی دیا گیا ہے اور سٹے کے ذریعے فروخت اور بک کی گئی چینی کا ریکارڈ رکھنے کا طریقہ کار بھی طلب کیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ٹو سٹار شوگر ملز انتظامیہ اور شیئر ہولڈر چینی سٹہ بازوں سے ملے ہوئے ہیں۔ سٹہ باز مل مالکان کے ذریعے غیر قانونی پیسہ بنا رہے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر  خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ ملز میں ان کے پہلے شیئرز تھے لیکن اب نہیں ہیں۔

مزیدخبریں