ملک محمدبلال مرحوم کی یاد میں

یہ دن میں کیسے بھلا سکتا ہوں کہ جب آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے ممبر حاجی ملک محمد بلال کے انتقال کی اطلاع فون پر موصول ہوئی یہ 4 اپریل کبھی نہ بھلائی جانے والی تاریخ ہو گی۔ حاجی ملک محمد بلال کا شمار ملک برادری کے چند بڑے رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ ایک ملنسار خوش اخلاق اور سچ گو شخصیت تھے۔ موت کا ایک دن مقرر ہے سب نے ہی اس جہان فانی سے چلے جانا ہے جب ہم قبرستان میں اپنے پیارے کو مٹی دے رہے ہوتے ہیں تو ساتھ یہ یاد بھی کر رہے ہوتے ہیں کہ اگل باری میری ہو سکتی ہے۔ حاجی محمد بلال کا انتقال ایک عظیم سانحہ ہے صرف ایک روز پہلے اپنے بیٹے کی بارات لے کر گئے اور دلہن کو اپنے گھر لے کر آئے۔ اگلے روز بیٹی کی بارات آنا تھی اور اسی شام بیٹی کو رخصت کرنا تھا۔ یہ کس کو معلوم تھا کہ خوشیوں بھرا گھر سوگ میں بدل جائے گا۔ جہاں شہنائیاں بج رہی تھی اور جشن کا سماں تھا لمحوں میں ہی سب کچھ ختم ہو گیا بیٹی کے ہاتھوں پر مہندی لگی تھی شادی کا جوڑا پہنا تھا کیا معلوم تھا کہ بیٹی کی گھر سے رخصتی کے خواب دیکھنے والا باپ خود دنیا سے رخصت ہو جائے گا۔ عین اسی وقت جب بیٹی کی بارات آنا تھی گھر سے باپ کا جنازہ نکل رہا تھا ہر آنکھ پُرنم تھی ہر طرف سوگ اور ماتم کا عالم تھا۔ اخبار فروش یونین میں ملک برادری کا کردار بے حد اہم ہے۔ اخبار فروشوں کی جملہ تعداد میں نصف تعداد صرف ملک برادری کی ہے اور ملک بھر میں چند روز میں ہی ملک سجاد رسول‘ ملک عبدالعزیز‘ حاجی ملک محمد ایوب‘ ملک منظور پرویز جیسے بڑے رہنماؤں اور بزرگوں کا انتقال ہوا۔ یہ ایک برادری کی سطح پر بھی بڑا سانحے سے کم نہیں ہے۔ ملک حاجی محمد بلال نے اخبار فروش کو متحد کرنے میں بڑا کردار ادا کیا۔ 1993ء جب اخبار فروشوں کے دو گروپوں کے درمیان اختلاف اتنی شدت اختیار کر گیا کہ بات جھگڑے تک جا پہنچی اور چند افراد کے خلاف پولیس رپورٹ بھی درج ہوئی اس معاملے میں ملک بلال نے ثالث کا کردار ادا کر کے انتہائی خوبصورتی کے ساتھ معاملے کو حل کروایا۔ 2002ء  میںاخبار فروشوں کی تمام برادریوں اور گروپوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور اخبار مارکیٹ حاصل کرنے کے لئے شیخ عمر دین کی قیادت میں شانہ بشانہ جدوجہد کی۔ حال ہی میں موجودہ یونین کو بلامقابلہ منتخب کروانے میں شیخ ملک اجمل اور حاجی محمد بلال نے اہم کردار ادا کیا۔ جس کے نتیجہ میں اے ڈی بھیں صدر اور رانا اقبال پہلی بار بلامقابلہ جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے حاجی ملک محمد بلال نے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات جنرل سیکرٹری ٹکا خان کی ہدایت پر پورے جنوبی پنجاب میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا۔ انہوں نے ہمیشہ اخبار فروشوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنے آپ کو پیش خدمت رکھا اور اپنی جدوجہد آخری وقت تک جاری رکھی۔ ملک بھر کے اخبار فروش اور باالخصوص جنوبی پنجاب اور ملتان کے اخبار فروش حاجی ملک محمد کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ آج ان کی روح کے ایصال و ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ہم دعاگو ہیں  کہ اﷲ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ 

ای پیپر دی نیشن