پاکستان بحریہ کی مینگرووز اگانے کی مہم 2021 پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پیغام

 مینگرووز دنیا کا سب سے منفرد ایکوسسٹم بنانے کا موجب بنتے ہیں اور زمین کو کٹاﺅ سے بچانے اور ساحلی علاقوں میں سمندری پانی کے دخل کو محدود کرنے سمیت کئی فوائد پہنچاتے ہیں۔ چونکہ مینگرووز کھارے پانی اور ساحلی علاقوں میں زندہ رہ سکتے ہیں اس لیے دنیا میں گرم خطوں کی ساحلی پٹی کے چوتھائی حصّہ میں مینگرووز پائے جاتے ہیں جو کہ 112 ممالک کا تقریباََ 1 لاکھ 81 ہزار مربع کلومیٹر کا علاقہ بنتا ہے۔ مینگرووز طوفانوں اور قدرتی آفات کے خلاف ساحلی علاقوں کو بچانے کے لیے ایک قدرتی ڈھال کا کردار ادا کرتے ہیں۔یہ مچھلیوں اور جھینگوں کی مختلف اقسام کی افزائش اور پھلنے پھولنے کے لئے موافق ہیں اور کئی اقسام کے جاندار جیسا کہ انورٹیبریٹس، مچھلیوں، ایمفی بینز،رینگنے والے جانوروں، چڑیوں وغیرہ کی آماجگاہ ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ مینگرووز آکسیجن پیدا کرتے ہیں اور غلاظت کو جذب کر کے پانی کو صاف کرتے ہیں اور آلودگی کو کم کر کے ہمیں صاف ہوا مہیا کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

 پاکستان میں 0.6 ملین ایکڑ مینگرووز ایکوسسٹم موجود ہے جو کہ سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر پھیلا ہوا ہے اور دنیا کا ممکنہ طور پر دسواں سب سے بڑا مینگرووز ایکوسسٹم ہے۔لیکن مینگرووز کے جنگلات اپنی بقا ءکی جنگ لڑرہے ہیں۔ مینگرووز کے جنگلات سے ڈھکے علاقے میں میٹھے پانی کی کمی، سمندری آلودگی، ساحلی کٹاﺅ اور جنگلات کی کٹائی کے باعث پچھلے کچھ عرصے میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔ لہٰذا،ضرورت اس امر کی ہے کہ نئے پودے لگائے جائیں اور موجودہ مینگرووز جنگلات کی حفاظت بھی کی جائے۔ مینگرووز کے جنگلات کے بڑھاﺅ، بچاﺅ اور بحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے مشترکہ کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں، مینگرووز کے جنگلات کی بہتری کے لیے متعلقہ علاقوں کا کنٹرول رکھنے والے حکومتی اداروں کی مدد بہت ضروری ہے۔حکومت پاکستان کے وژن کے مطابق پاک بحریہ پاکستان کے سمندر اور ساحل کے ایک اہم اسٹیک ہولڈر کے طور پر مینگرووز اگانے میں متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔ اسے ایک قومی فریضہ سمجھتے ہوئے پاک بحریہ نے مینگرووز اگانے کی مہم کا آغاز 2016 میں کیا جس میں 10 لاکھ مینگرووز کے پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا جب کہ مہم کے دوران 11 لاکھ پودے لگائے گئے ۔پاکستان نیوی 2016 کی مینگرووز اگاﺅ مہم کی کامیابی کے بعد ہر سال باقاعدگی سے اپنی ساحلی تنصیبات سے ملحق علاقوں میں مینگرووز اگانے کی مہم کرتی آئی ہے۔ مینگرووز اگاﺅ مہم 2021 ’گرین کوسٹل بیلٹ‘ کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے پاک بحریہ کے عزم اور لگن کی علامت ہے۔ اس سلسلے میں پودے لگانا ایک حصّہ ہے جب کہ اُن کی بقاءکو یقینی بنانا اصل کامیابی ہے۔ اس مہم میں شریک تمام افراد پر میں زور دوں گا کہ بقائ/ استحکام کے عنصر کو سب سے زیادہ اہمیت دیں۔ تب ہی اس مہم کے دوررس اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ماحول میں بہتری لانے، سیلاب سے تحفظ اور بچاﺅ کے مناسب انتظامات بالآخر مقامی اور قومی سطح پر آفات جیسا کہ موسمیاتی تبدیلی اور سمندر کی سطح میں اضافے کا خطرہ کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

 میں تمام ہم وطنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنی اور اپنی آنے والی نسلوں کی خاطر ایک صاف اور بہتر ساحلی ماحول مہیا کرنے کے لیے مینگرووز اگانے اور اُن کی بقاءکو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کا ساتھ دیں۔

ای پیپر دی نیشن