پیکا آرڈیننس کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ خوش آئند: پیپلزپارٹی، (ن) لیگ

Apr 09, 2022


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے پیکا آرڈی نینس کو کالعدم قرار دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے  اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے پیکا آرڈیننس کو کالعدم قرار دینے پر صحافیوں اور آزادی اظہار پر یقین رکھنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ  پی ٹی آئی حکومت کے ایک اور فسطائیت ذہنیت عمل کو غیر آئینی قرار دیا گیا ہے۔  مخالفین کو نشانہ بنانے کیلئے لایا گیا آرڈیننس کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ پیکار آرڑیننس بنیادی آئینی اور انسانی حقوق سلب کرنے کا حکومتی ہتھکنڈا تھا۔ مرکزی اطلاعات سیکرٹری شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اسلام آباد ہائیکورٹ کے پیکا ترمیمی آرڈیننس کو غیر آئینی قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے۔ نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے پیکا آرڈیننس کو کالعدم قرار دینے پر صحافیوں اور پورے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ دریں اثناء لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیکا آرڈیننس کو کالعدم کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے صحافیوں ، سوشل میڈیا اور صحافتی اداروں کو بھی اس کی مبارکباد دی۔

مزیدخبریں